وزیراعظم شہباز شریف عرب اسلامی سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے سعودی عرب جائیں گے
جمعرات 7 نومبر 2024 14:29
بشیر چوہدری، اردو نیوز۔ اسلام آباد
وزیراعظم کا ایک ماہ کے سے بھی کم عرصے میں سعودی عرب کا یہ دوسرا دورہ ہے: (فوٹو: شہباز شریف ایکس)
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف سوموار کو ریاض میں ہونے والے دوسرے مشترکہ عرب اسلامی سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔
جمعرات جو اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ میں، دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے بتایا کہ یہ اجلاس سعودی عرب کی حکومت کی جانب سے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بات چیت کے لیے بلایا جا رہا ہے۔
یہ سر راہی اجلاس گزشتہ برس مشترکہ عرب اسلامی غیر معمولی اجلاس کا تسلسل ہوگا، جس میں غزہ اور دیگر مقبوضہ علاقوں کی صورتحال پر بات چیت کی گئی تھی۔
عرب لیگ اور او آئی سی کے رکن ممالک کے سربراہان اور سینیئر حکام کے اجلاس میں شرکت کی توقع ہے۔
اس اجلاس میں وزیراعظم عرب لیگ اور او آئی سی کے دیگر رکن ممالک کے رہنماؤں سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی عرب 11 نومبر 2024 کو ریاض میں مشترکہ عرب اسلامی فالو اپ سربراہی اجلاس کی میزبانی کرے گا جس میں خطے کی صورتحال، فلسطین اور لبنان پر جاری اسرائیلی جارحیت پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ایس پی اے کے مطابق یہ اقدام شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دیگر عرب اور اسلامی ملکوں کےرہنماوں کے ساتھ مل کر کی جانے والی کوششوں کا تسلسل ہے۔
سربراہی اجلاس 11 نومبر 2023 کو ریاض میں ہونے والے مشترکہ عرب اسلامی سربراہی اجلاس کی توسیع کے طور پر منعقد کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کا ایک ماہ کے سے بھی کم عرصے میں سعودی عرب کا یہ دوسرا دورہ ہے اس سے قبل وہ ریاض میں ہونے والی سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت اور خطاب کر چکے ہیں۔
اس موقع پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ان کی دو طرفہ ملاقات بھی ہوئی تھی۔
وزیراعظم کے اس دورے سے پہلے سعودی عرب کا ایک اعلی سطح کا وفد بھی پاکستان کا دورہ کر چکا ہے جبکہ اس وقت بھی پاکستانی وزارتوں کا ایک اعلی سطح کا وفد سعودی عرب میں موجود ہے جبکہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی سعودی عرب میں موجود ہیں جنہوں نے بدھ کو سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔
سعودی عرب میں اس سربراہی اجلاس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف آذر بائیجان کے دارالحکومت باکو روانہ ہوں گے جہاں وہ ماحولیات کے حوالے سے اجلاس میں شرکت کریں گے۔