Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کی سکریبل ٹیم انڈیا نہ جاسکی، کھلاڑیوں کو ویزہ نہ ملا

عفان سلمان نے ستمبر 2024 میں سری لنکا میں ہونے والی 19 ویں ورلڈ یوتھ سکریبل چیمپئن شپ جیتی تھی (فوٹو: پی ایس اے)
پاکستان کی دفاعی چیمپئن ٹیم انڈیا میں جاری ایشیا یوتھ سکریبل چیمپئن شپ 2024 میں شرکت کے لیے روانہ نہیں ہو سکی، کیونکہ انڈیا نے بیشتر کھلاڑیوں کو ویزے دینے سے انکار کر دیا ہے۔
چیمپئن شپ کا آغاز اتوار کو نئی دہلی کے وشو یوتھ کندرا میں ہوا۔ پاکستان کی ٹیم میں سے صرف آٹھ کھلاڑیوں کو ایونٹ میں شرکت کی اجازت ملی، جبکہ 12 کھلاڑیوں کو ویزا نہیں دیا گیا، جس کے باعث پاکستانی ٹیم اس ایونٹ میں شرکت نہیں کرسکی۔
پاکستان سکریبل ایسوسی ایشن کے ڈائریکٹر طارق پرویز نے اس صورتحال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’انڈین ہائی کمیشن کی طرف سے جان بوجھ کر ویزا تاخیر کے حربے نے پاکستان کی سکریبل ٹیم کو چیمپئن شپ سے باہر کر دیا ہے۔ دو ماہ قبل تمام دستاویزات جمع کرانے کے باوجود ویزے آخری وقت میں روکے گئے، اور بعض کھلاڑیوں کو ویزے اتنے دیر سے جاری کیے گئے کہ وہ ایونٹ میں حصہ لینے کے قابل نہیں تھے۔‘
طارق پرویز نے مزید کہا کہ دنیا کے موجودہ یوتھ چیمپئنز اور دفاعی ایشیائی یوتھ چیمپئن ہونے کے ناطے پاکستان کی غیر موجودگی ایونٹ میں ایک بڑا دھچکا ہے۔
طارق پرویز نے مزید کہا کہ ’پاکستان نے اس بات پر حیرت اور مایوسی کا اظہار کیا ہے کہ انڈیا نے ہمارے بیشتر یوتھ سکریبل کھلاڑیوں کو ویزا دینے سے انکار کر دیا، جس سے ایشیا یوتھ سکریبل چیمپئن شپ اور دہلی کپ میں شرکت مشکل ہوگئی ہے۔‘
ایونٹ کے منتظمین نے تمام ضروری کلیئرنس حاصل کر لی تھی، لیکن پاکستان ٹیم کی سفری تیاریوں کو بے سود سمجھا گیا۔ لاہور پہنچ کر ویزا کی منظوری کی امید کرنے والے کھلاڑی انتہائی مایوسی کے ساتھ اب کراچی واپس جا رہے ہیں۔
پاکستان کے 16 سالہ عفان سلمان نے ستمبر 2024 میں سری لنکا میں ہونے والی 19 ویں ورلڈ یوتھ سکریبل چیمپئن شپ جیت کر ایک اور شاندار کامیابی حاصل کی۔ اس کے علاوہ، پاکستانی ٹیم نے ٹرافی بھی جیتی، کیونکہ وہ نمبر ون رینک والی ٹیم رہی، جس میں چار کھلاڑی ٹاپ ٹین میں شامل ہوئے۔
اس سے پہلے 2022 میں عفان کے بھائی علی سلمان نے بھی یہی ٹائٹل جیتا تھا، اور یوں یہ دونوں بھائیوں کا ورلڈ یوتھ چیمپئن شپ جیتنے کا اعزاز دنیا کی تاریخ میں منفرد مثال بن گیا۔
یہ پہلا موقع نہیں جب انڈیا نے پاکستانی کھلاڑیوں کو ویزا دینے سے انکار کیا ہو۔ حالیہ دنوں میں انڈیا نے پاکستانی ٹیم کو ایشین نیٹ بال چیمپئن شپ کے لیے ویزے نہیں دیے تھے۔ اس کے علاوہ تین پاکستانی کیوئسٹز احسن رمضان، محمد حسنین اور محمد حمزہ الیاس کو آئی بی ایس ایف ورلڈ جونئیر سنوکر چیمپئن شپ میں شرکت سے محروم کیا جاچکا ہے۔
اس سے قبل انڈیا نے پاکستان کی کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے لیے ویزے دیے تھے، ویزوں میں تاخیر نے پاکستان کی تیاریوں کو متاثر کیا تھا۔

شیئر: