Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی کسٹمز نے منشیات سمگلنگ کی 3 کوششیں ناکام بنادیں، 10 افراد گرفتار

جدہ ایئرپورٹ پر پارسل سے ممنوعہ گولیاں پکڑی گئیں۔ (فوٹو سبق)
سعودی کسٹمز حکام نے 3 مختلف مقامات سے منشیات سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 10 افراد کو گرفتار کرلیا۔
 سبق ویب سائٹ کے مطابق پہلی کارروائی جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ، دوسری ریاض ڈرائی پورٹ اور تیسری البطحاء  بندرگاہ سے پکڑی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر زکوۃ، ٹیکس اور کسٹم اتھارٹی نے 2 لاکھ ممنوعہ گولیاں سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی جو گھریلو برتنوں پر مشتمل پوسٹل پارسل کے اندر چھپائی گئی تھیں۔ گولیاں ضبط شدہ برتنوں کے نیچے ایک  پرت میں انتہائی فنکارانہ طریقے سے رکھی گئی تھیں۔
دوسری کوشش ریاض ڈرائی پورٹ کسٹم نے ناکام بنائی۔ یہاں 4 لاکھ 3 ہزار 125 نشہ آور گولیاں سمگل کرنے کی کوشش کی گئی تھی جو بندرگاہ کے ذریعے مملکت میں آنے والے ایک کنٹینر کے اندر چھپائی گئی تھیں۔
تیسری کوشش البطحاء کسٹمز حکام نے پکڑی جس میں 41990 نشہ آور گولیاں اور 500 گرام نشہ آور پاؤڈر سمگل کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔ یہ ساری منشیات بندرگاہ  کے ذریعے مملکت آنے والی واشنگ مشین کے آلات پر مشتمل ایک کھیپ کے اندر چھپائی گئی تھیں۔
کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ سمگلنگ کی تمام کوششوں کو ناکام بنانے کے بعد جنرل ڈائریکٹوریٹ آف نارکوٹکس کنٹرول کے ساتھ کوآرڈینیشن کرتے ہوئے مملکت میں ان کے وصول کندگان کی گرفتاری کی اور اس حوالے سے 10 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
زکوۃ، ٹیکس اور کسٹمز اتھارٹی نے کہا ہے کہ وہ مملکت کی درآمدات اور برآمدات پر کسٹم کنٹرول کو سخت کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔  اس کا کام مملکت میں ممنوعہ اشیاء کی سمگلنگ کی کوششوں کو ختم کرکے معاشرے کی سلامتی اور تحفظ کو بڑھانا ہے۔
اتھارٹی نے ہر ایک سے کہا ہے کہ وہ معاشرے اور قومی معیشت کے تحفظ کے لیے سمگلنگ سے نمٹنے میں ہمارا ساتھ دیں اور اس میں اپنا حصہ ڈالتے ہوئے مقرر کردہ نمبروں اور ای میلز اور انٹرنیشنل نمبروں پر رابطہ کرکے اس بارے میں رپورٹ کریں۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: