Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی20 سیریز میں پاکستان کو وائٹ واش، آسٹریلیا کی سات وکٹوں سے فتح

اس سے قبل پہلے اور دوسرے ٹی20 میں بھی پاکستان کو سلسہ وار شکست ہوئی (فوٹو: اے ایف پی)
تین ٹی20 میچز کی سیریز کے آخری میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی ہے۔
آسٹریلیا نے مقررہ ہدف 12ویں اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔
پاکستان کے بیٹرز کے بعد بولرز بھی اچھی کاردگردگی دکھانے میں ناکام رہے۔
اس سے قبل پاکستان کی ساری ٹیم 19ویں اوور کی پہلی گیند پر 117 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی تھی۔

آسٹریلیا کی اننگز

آسٹریلیا کی جانب سے میتھیو شورٹ اور جیک فریسر نے ہدف کے تعاقب کا آغاز کیا تاہم پاکستان جلد ہی ابتدائی کامیابی سمیٹنے میں کامیاب رہا۔
آسٹریلیا کی پہلی وکٹ تیسرے اوور کی پہلی گیند پر میتھیو شارٹ کی صورت میں گری۔ میتھیو شورٹ دو رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر عرفان خان کو کیچ تھما بیٹھے۔
جیک فریسر بھی زیادہ دیر تک پچ پر نہ ٹک سکے۔ وہ 18 رنز بنا کر جہانداد خان کی گیند پر عثمان خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد جوش انگلس، مارکس سٹوئنس اور ٹم ڈیوڈ نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کی فتح میں اہم کرادار ادا کیا۔
جوش انگلس چار چوکوں کی مدد سے 27 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد عباس آفریدی کی گیند پر حارث رؤف کو کیچ تھما بیٹھے۔
ٹم ڈیوڈ سات جبکہ مارکس سٹوئنس 61 رنز کی شاندار اننگز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

شاہین شاہ آفریدی نے تین اوورز کے بدلے 43 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی (فوٹو: اے ایف پی)

آسٹریلیا کے بیٹرز نے پاکستان کے بولرز کو بھی ناکوں چنے چبوائے۔
پاکستان کے شاہین آفریدی نے تین اوورز میں ایک وکٹ حاصل کی جبکہ 43 رنز دیے۔
اسی طرح سے حارث رؤف نے تین اوورز میں بغیر کوئی وکٹ حاصل کیے 34 رنز دیے جبکہ جہان داد خان نے تین اوورز میں ایک وکٹ حاصل کر کے 17 رنز اور عباس آفریدی نے ایک ایک اوور میں ایک وکٹ کے بدلے 14 رنز دیے۔

پاکستان کی اننگز

پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو بابر اعظم اور صاحبزادہ فرحان نے بطور اوپنر اننگز کا آغاز کیا۔ 
پاکستان کو پہلی وکٹ کا نقصان اس وقت ہوا جب صاحبزادہ فرحان دوسرے اوور کی چوتھی گیند پر نو رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
ان کے بعد حسیب اللہ خان ون ڈاؤن پچ پر اترے اور بابر اعظم کے ہمراہ آسٹریلوی بولرز کو ٹف ٹائم دیا۔
حسیب اللہ خان نے تین چوکوں کی مدد سے 24 انفرادی رنز کی مدد سے ٹیم کا سکور 61 رنز تک پہنچایا۔ وہ ساتویں اوور کی آخری گیند پر باؤنڈری کھیلنے کی کوشش میں کیچ تھما بیٹھے۔
حسیب اللہ خان کے بعد پاکستان کی بیٹنگ لائن بُری طرح لڑکھڑا گئی۔ پاکستان کے بیٹرز یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوتے رہے۔

بابر اعظم چار چوکوں کی مدد سے 41 رنز بنا کر پویلین لوٹے (فوٹو: اے ایف پی)

عثمان خان تین، کپتان سلمان علی آغا ایک، بابر اعظم 41، عباس آفریدی ایک اور عرفان خان 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ یوں 13ویں اوور میں 92 رنز پر پاکستان کی سات وکٹیں گر گئیں۔
اس کے بعد جہان داد خان پانچ، شاہین شاہ آفریدی 16 اور سُفیان مقیم ایک رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ حارث رؤف صفر کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی ساری ٹیم 19ویں اوور کی پہلی گیند پر 117 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی تاہم پاکستان کی جانب سے سات کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہیں ہو سکے۔

پاکستان کی پلیئنگ الیون

پاکستان کی پلیئنگ الیون میں صاحبزادہ فرحان، بابر اعظم، حسیب اللہ خان، عثمان خان، سلمان علی آغا، محمد عرفان خان، محمد عباس آفریدی، شاہین شاہ آفریدی، جہانداد خان حارث رؤف اور سفیان مقیم شامل ہیں۔

آسٹریلیا کی پلیئنگ الیون

میتھیو شورٹ، جیک فریسر، جوش انگلس، گلین میکسول، مارکس سٹوئنس، ٹم ڈیوڈ،  ایرون ہارڈی،  زیویئر بارٹلیٹ، نیتھن ایلیس، سپینسر جانسن اور ایڈم زامپا آسٹریلیا کی پلیئنگ الیون کا حصہ ہیں۔

شیئر: