آسٹریلیا سے شکست، ’بابر کوہلی کی طرح ریٹائرمنٹ لے‘
ہفتہ 16 نومبر 2024 17:10
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
دوسرے ٹی 20 میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 13 رنز سے شکست دی (فائل فوٹو: اے ایف پی)
تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 13 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی ہے۔
سنیچر کو سڈنی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی پوری ٹیم 148 رنز کے تعاقب میں 20 ویں اوور کی چوتھی گیند پر ڈھیر ہو گئی۔
عثمان خان کے 52 اور عرفان خان کی 37 رنز کی عمدہ اننگز بھی پاکستان کو جیت نہ دلا سکی۔
بابر اعظم، محمد رضوان، صاحبزادہ فرحان سمیت سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ اچھی کارگردگی دکھانے میں ناکام رہے۔
اس سے قبل آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے تھے۔
پاکستان کی سلسلہ وار شکست پر سوشل میڈیا صارفین دلچسپ تبصروں کا اظہار کر رہے ہیں۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر احتشام صدیقی نامی صارف نے لکھا ’کیا آپ لوگ متفق ہیں کہ ہم محمد رضوان کی وجہ سے میچ ہارے ہیں۔‘
کرکٹ کم اے یو نامی اکاؤنٹ نے پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ’یہ حارث رؤف کی سیریز تھی۔‘
کرک میٹ نامی صارف نے لکھا کہ ’محمد رضوان اور بابر اعظم پاکستانی کرکٹ کے لیے بد دعا ہیں۔‘
شاہ خان نامی صارف نے لکھا ’بڑی کمزور یاداشت ہے آپ سب کی ابھی تو کل ہی ہم نے او ڈی آئی سیریز جیتی ہے۔‘
کامران یوسف نے لکھا ’پاکستان کی موجودہ ٹی20 ٹیم کہیں سے بھی ٹی20 ٹیم نہیں لگتی، سمجھ سے بالاتر ہے کہ صائم ایوب جیسا کھلاڑی ٹیم کا حصہ نہیں، بابر کو کوہلی اور روہت کی طرح ریٹائرمنٹ لے لینی چاہیے۔‘
مُوڈی سرکار نامی اکاؤنٹ کی جانب سے نسیم شاہ کی فوٹو شیئر کرتے ہوئے لکھا گیا ’ایک اچھا بولر تھا، لگتا تھا ورلڈ کلاس ثابت ہو گا، بدقسمتی سے لڑکیوں کا کرش بن گیا اور آج کل بیٹر اسے کریش کر رہے ہیں۔‘
زمبو نامی صارف کی جانب محمد رضوان کی فوٹو شیئر کرتے ہوئے لکھا گیا ’مولانا کا خیال تھا کہ یہ کوئی ٹیسٹ میچ ہے۔‘
واسع حبیب نامی صارف نے لکھا ’سپینسر جانسن نام تو سنا ہو گا۔‘