Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پہلا ٹی20: پاکستان کی بیٹنگ لائن ڈھیر، آسٹریلیا 29 رنز سے کامیاب

پاکستان نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچوں کی ٹی 20 سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 29 رنز سے شکست دے دی ہے۔
پاکستانی بیٹرز آسٹریلیا کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئے اور یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوتے رہے۔
پاکستان مقررہ سات اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 64 رنز ہی بنا سکا۔ پاکستان کے سات کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہو سکے۔
اس سے قبل آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ سات اوورز میں 93 رنز بنائے تھے۔
بارش کی وجہ سے ٹاس تاخیر کا شکار ہوا جس کے بعد میچ کو سات، سات اوورز تک محدود کر دیا گیا تھا۔

پاکستان کی اننگز

پاکستان نے ہدف کے تعاقب کا آغاز ہی مایوس کُن کیا۔ اوپنر صاحبزداہ فرحان پہلے اوور کی چوتھی گیند پر اس وقت آؤٹ ہوئے جب ٹیم کا مجوعی سکور آٹھ رنز تھا۔
اس کے بعد تو پاکستانی بیٹرز کی وکٹوں کی لائن لگ گئی۔ کپتان محمد رضوان بُری طرح ناکام ہوئے، وہ صفر پر آؤٹ ہوئے۔
ان کے بعد بابر اعظم تین، عثمان خان چار، سلمان علی آغا چار اور عرفاں خان صفر پر آؤٹ ہو گئے۔
16کے مجموعی سکور پر پاکستان کی آدھی ٹیم پویلن روانہ ہو چکی تھی۔
اس کے بعد حسیب اللہ خان 12، شاہین شاہ آفریدی 11 نسیم شاہ صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ عباس آفریدی 20 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

محمد رضوان صفر پر آؤٹ ہوئے (فوٹو: اے ایف پی)

آسٹریلیا کے زیویربارٹلیٹ اور نیتھن ایلیس نے تین، تین، ایڈم زمپا نے دو اور سپینسر جانسن نے ایک وکٹ حاصل کی۔

آسٹریلیا کی اننگز

آسٹریلیا کی جانب سے گلین میکسویل 19 گیندوں پر 43 رنز کی شاندار اننگز کھیل کے آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 5 چوکے اور 3 چھکے شامل ہیں۔
اس کے علاوہ میتھیو شارٹ سات، جیک فریسر اور ٹم ڈیوڈ نو، نو رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ یوں مقررہ سات اوورز میں آسٹریلیا نے چار وکٹوں کے نقصان پر 93 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف اور نسیم شاہ نے ایک، ایک جبکہ عباس آفریدی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

آسٹریلیا نے سات اوورز میں 93 رنز بنائے (فوٹو: اے ایف پی)ٌ

اس سے قبل ٹی 20 فارمیٹ میں دونوں ٹیمیں آخری مرتبہ مارچ 2022 میں لاہور میں آمنے سامنے آئی تھیں جس میں آسٹریلیا نے کامیابی حاصل کی تھی۔
واضح رہے کہ دورہ آسٹریلیا میں اس سے قبل پاکستان نے آسٹریلیا کو تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز میں 1-2 سے شکست دی تھی۔

پاکستان کی پلیئنگ الیون

صاحبزادہ فرحان، عثمان خان، بابر اعظم، محمد رضوان (کپتان)، حسیب اللہ، سلمان علی آغا، عرفان خان، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث راؤف پاکستان کی پلیئنگ الیون کا حصہ تھے۔

آسٹریلیا کی پلیئنگ الیون

جوش انگلس (کپتان)، شین ایبٹ، زیویئر بارلے، کوپر کونلی، ٹم ڈیوڈ، ایرون ہارڈی، سپینسر جانسن، گلین میکسویل، میتھیو شارٹ، مارکس سٹوئنس اور ایڈم زمپا آسٹریلیا کی پلیئنگ الیون میں شامل تھے۔

شیئر: