’ہروب‘ ہونے کی صورت میں کارکن کی کفالت کیسے تبدیل ہوگی؟
سسٹم میں کارکن کی فائل سیز ہونے پرتمام قانونی معاملات بند ہوجاتے ہیں(فوٹو،ایس پی اے)
وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود آبادی کا کہنا ہے سسٹم میں کارکن کا ’کام سے غیرحاضر‘ (ہروب) فائل ہونے کی صورت میں اس کی اسپانسر شپ تبدیل نہیں کرائی جاسکتی۔
وزارت کے ایکس اکاونٹ پر ایک شخص نے دریافت کیا کہ ’کارکن کا اقامہ اپنی کمپنی پر منتقل کرانا چاہتا ہوں مگر اقامہ کی منتقلی کی کارروائی مکمل نہں ہوتی ، سسٹم میں یہ ظاہر ہوتا ہے کہ کارکن کام سے غیرحاضر کی کیٹگری میں شامل ہے اس صورت میں کیا کیا جائے؟
سوال کے جواب میں وزارت افرادی قوت کا کہنا تھا کہ جب تک سسٹم میں کارکن کی فائل سیز ہے اس وقت تک اسپانسر شپ کی تبدیلی کا عمل مکمل نہیں ہوسکتا۔
وزارت کا مزید کہنا تھا کہ ’کارکن کے خلاف سسٹم میں درج کام سے غیرحاضر(ہروب) ختم کرانے کے لیے موجودہ اسپانسر ہی رجوع کرسکتا ہے اس کے بغیر اقامے یا لیبر کارڈ کی منتقلی کا عمل مکمل نہیں ہوسکتا۔
واضح رہے وزارت افرادی قوت کے قانون کے مطابق جس غیرملکی کارکن کے اسپانسر کی جانب سے سسٹم میں اسکا ہروب یعنی کام سے فرار فائل ہو جائے اس کی تمام کارروائی عارضی طورپر بند کردی جاتی ہے۔
سسٹم میں کام سے غیرحاضر فائل ہونے کے 15 دن کے اندر اندر اسپانسر اپنے ابشر یا مقیم اکاونٹ کے ذریعے ہی پابندی کو ختم کرنے کا مجاز ہوتا ہے تاہم مذکورہ مدت ختم ہونے کے بعد یہ امر مشکل ہو جاتا ہے جس کے لیے وزارت میں باقاعدہ درخواست دی جاتی ہے۔ ہروب کینسل کرانے کے بعد ہی اقامہ کی تجدید ، فائنل ایگزٹ یا ایگزٹ ری انٹری کے علاوہ اسپانسرشپ (کفالت) کی تبدیل کرائی جاسکتی ہے۔