مدینہ منورہ میں کثیر المنزلہ سمارٹ کار پارکنگ منصوبہ
عمارت 12 منزلہ اور 400 گاڑیوں کی پارکنگ کی گنجائش ہوگی۔ (فوٹو اخبار چوبیس)
مدینہ منورہ کی میونسپلٹی نے کہا ہے کہ مسجد نبوی کے قریب ایک کثیر المنزلہ سمارٹ کار پارکنگ منصوبہ نافذ کیا جا رہا ہے، اس سلسلے میں ایک عمارت کی تعمیر شروع کردی گئی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق مدینہ میونسپلٹی نے کہا ہے کہ 982 مربع میٹر کے رقبے پر تعمیر ہونے والی عمارت پر 90 ملین ریال کی لاگت آئے گی معاہدے پر دستخط ہو چکے ہیں۔
میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ یہ عمارت مسجد نبوی کے قریب مسجد بلال بن رباح کے پاس تعمیر ہو رہی ہے۔
میونسپلٹی کے مطابق عمارت 12 منزلہ ہوگی اور اس میں 400 گاڑیوں کی پارکنگ کی گنجائش ہوگی جو خودکار سمارٹ سسٹم کے تحت کام کرے گی۔
میونسپلٹی نے نشاندہی کی کہ یہ پروجیکٹ انٹرنیٹ آف تھنگز پر مبنی نظام کے تحت کام کرے گا اور مکمل طور پر خودکار ہوگا۔ اس کا ڈیزائن مستند شہری ورثے کو تعمیراتی جدیدیت کے ساتھ جوڑتا ہے۔
میونسپلٹی کا کہنا تھا کہ پارکنگ منصوبہ سمارٹ سسٹم سے مربوط ہوگا جس میں دستی مداخلت کی ضرورت نہیں رہے گی جس میں گاڑی کے پارکنگ عمارت میں داخلے اور باہر نکلنے کے لیے پورا سسٹم خودکار ہوگا۔
مدینہ میونسپلٹی کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ اسی طرح کے دیگر منصوبوں کا سلسلہ ہے جن کے تعمیراتی معاہدوں پر دستخط کیے جارہے ہیں۔ جس کے تحت مدینہ میں 18 مقامات پر 4666 سے زیارہ پارکنگ کی جگہیں فراہم کرنا ہے تاکہ یہاں آنے والے لوگوں اور وزیٹرز کو کار پارک کرنے میں آسانی ہو اور ان کی کار، بس یا وین محفوظ رہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں