مدینہ منورہ میں ٹریفک سیفٹی نمائش ، حادثات کے 3 بڑے اسباب
ٹریفک ضوابط سے عوامی آگاہی کے لیے وزارت داخلہ نے نمائش منعقد کی (فوٹو ، ایس پی اے)
وزارت داخلہ کی جانب سے مدینہ منورہ میں ٹریفک سیفٹی کے بارے میں ٹریفک پولیس کے تعاون سے عوامی آگاہی نمائشی کا اہتمام کیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘کے مطابق نمائش کا انعقاد الراشد میگا مال میں کیا گیا ہے جو 23 نومبر تک جاری رہے گی۔
ٹریفک حادثات سے بچاو کے لیے نمائش میں ہونے والے سیمینار میں بتایا گیا کہ گزشتہ برس 2023 میں مدینہ ریجن میں سب سے زیادہ حادثات کی وجہ بننے والے تین عوامل ہیں جن میں ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کا استعمال سامنے سرفہرست ہے۔
ٹریفک پولیس کی رپورٹ میں حادثات کی دوسری وجہ اچانک ٹریک کی تبدیلی ہے جس کی وجہ سے سنگین حادثات رونما ہوتے ہیں۔ ڈرائیور کو چاہئے کہ ٹریک تبدیل کرنے سے قبل اشارہ دے تاکہ عقب سے آنے والی گاڑی کے ڈرائیور کو معلوم ہوسکے۔
حادثات کی تیسری بڑی وجہ جو بتائی گئی ہے وہ سامنے والی گاڑی سے مناسب حد کا فاصلہ نہ رکھنا ہے۔ ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ آگاہی مہم کے ذریعے لوگوں میں ان اہم نکات کی نشاندہی کرنا ہے تاکہ حادثات کو کم سے کم کیا جاسکے۔