جڑے ہوئے بچوں کو الگ کرنے کے پروگرام کے 30 سال، ریاض میں عالمی کانفرنس آج
1990 میں مملکت میں پہلے کیس سے اس پروگرام کا آغاز ہوا تھا ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی شاہ سلمان امدادی و فلاحی مرکز کے نگران اعلی و ایوان شاہی کے مشیر ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے کہا ہے کہ خادم حرمین شریفین کی زیر سرپرستی میں اتوار 24 نومبر کو سیامی (جسمانی طور پرجڑے ہوئے بچے) کی دو روزہ انٹرنیشنل کانفرنس منعقد کی جائے گی۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق سنیچر کو مقامی اور بین الاقوامی میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا ’سیامی بچوں کوعلیحدہ کرنے کے سعودی عرب کے پروگرام کو شروع ہوئے تیس برس مکمل ہوجانے پر انٹرنیشنل کانفرنس منعقد کی جا رہی ہے۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ’ 1990 میں پہلے کیس سے اس پروگرام کا آغاز ہوا تھا جس کے بعد مملکت کی قیادت نے اس جانب خصوصی توجہ دی اور رفتہ رفتہ یہ پروگرام وسعت اختیار کرتا گیا اب عالمی سطح پر انسانیت کی عظیم خدمت انجام دی جا رہی ہے۔‘
پروگرام کے نگران اعلیٰ کا مزید کہنا تھا’ سیامی بچوں کو علیحدہ کرنے کے آپریشن کے بعد بھی سینٹر کی جانب سے ان بچوں اور ان کے اہل خانہ سے برابر رابطہ رکھا جاتا ہے اور وقتاً فوقتاً طبی معائنہ کر کے ضروری ہدایات بھی دی جاتی ہیں۔‘
ڈاکٹر الربیعہ نے بتایا ’ اس حوالےسے سینٹر کو تاریخی کامیابی حاصل ہوئی ہے اب تک 61 جسمانی طورپر جڑے ہوئے بچوں کے آپریشن کیے جا چکے ہیں جو 100 فیصد کامیاب رہے جبکہ 26 ممالک اور تین براعظموں میں 143 کیسز کو فالو اپ بھی کیا گیا۔‘
مرکز کے نگران اعلیٰ نے اقوام متحدہ کی جانب سے 24 نومبر کو سیامی بچوں کا عالمی دن قرار دینے کو سراہا جس کی نشاندہی مملکت کی جانب سے کی گئی تھی۔
ڈاکٹر الربیعہ کا کہنا تھا ’13 مئی 2015 میں خادم حرمین شریفین کے خصوصی احکامات پر شاہ سلمان فلاحی و امدادی مرکز قائم کیا گیا جس کا مقصد دنیا بھر میں ضرورت مند لوگوں کی دیکھ بھال اور امداد کرنا ہے۔‘