Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نصف صدی قبل سینکڑوں کتوں کا قتل، کینیڈا کی حکومت کی مقامی قبیلے سے معذرت

سرکاری معافی کے علاوہ کینیڈا کی حکومت کمیونٹی کو 32 ملین ڈالر معاوضہ بھی ادا کرے گی(فائل فوٹو: اے ایف پی)
کینیڈا کی حکومت نے نصف صدی سے زیادہ عرصہ قبل پولیس کے ہاتھوں کئی سو سلیج ڈاگز (برف پر گاڑی کھینچنے والے کتوں)کو مارنے پر مقامی کمیونٹی سے باضابطہ طور پر معافی مانگی ہے۔
یہ معافی نامہ سنیچر کو مقامی تعلقات کے وزیر گیری آننداسنگاری نے شمالی کیوبیک صوبے کے علاقے نوناوک میں پیش کیا۔
گیری آننداسنگاری نے کہا کہ ’سلیج ڈاگز، جنہوں نے مقامی آبادی کے ساتھی کے طور پر کام کیا، ان کے نقصان میں وفاقی حکومت کے کردار پر معذرت کرنے میں کینیڈا کو کئی دہائیاں نہیں لگنی چاہئیں تھیں۔‘
سنہ 2010 کی ایک رپورٹ کے مطابق مقامی نوناوک کمیونٹی کے ایک ہزار سے زیادہ کتے ’ان کے مالکان کے لیے سنگین اور مشکل نتائج کو مدنظر رکھے بغیر‘ مارے گئے۔
ایک ریٹائرڈ جج کی طرف سے شائع ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سلیج ڈاگز ’اپنے مالکان کے شکار، ماہی گیری اور دیگر کاموں کے لیے ضروری تھے۔ ان کا کمیونٹی انحصار تھا۔
سرکاری معافی کے علاوہ کینیڈا کی حکومت کمیونٹی کو 32 ملین ڈالر معاوضہ بھی ادا کرے گی۔
گیری آنند سنگاری نے کہا کہ ’وہ اقدمات جن کے تحت سلیج ڈاگز کو بڑے پیمانے پر قتل کیا گیا، ان کی وجہ انوئٹ خاندانوں کو گہرے درد اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جو کسی کو بھی برداشت نہیں کرنا چاہیے تھا۔
اس سے قبل 2019 میں کینیڈا کی حکومت نے صوبے کے شمال میں ایک علاقے میں سلیج ڈاگز کے پولیس کے ہاتھوں قتل پر نوناوت انوئٹ کمیونٹی سے بھی معذرت کی تھی۔

شیئر: