Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ٹی آئی احتجاج: اسلام آباد میں سڑکیں جزوی بحال، داخلی راستوں پر رینجرز تعینات

اندرونی راستوں پر ایک ایک گاڑی کے گزرنے کا راستہ کھلا رکھا ہوا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے آج اسلام آباد میں احتجاجی مظاہرے کے پیش نظر سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔
اسلام آباد کے تمام داخلی راستوں پر کنٹینرز رکھے گئے ہیں جہاں رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات ہے تاہم اس وقت تک اسلام آباد میں داخلے کے لیے لاہور اور پشاور موٹرے کے علاوہ دیگر شاہراہوں کو جزوی بحال رکھا گیا ہے۔
پشاور موٹرے سے اسلام آباد میں داخل ہونے کے لیے روات ٹی کراس کو دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے بند کیا گیا ہے۔ ایم ٹو موٹروے یعنی لاہور سے اسلام آباد داخل ہونے والے پوائنٹ کو بھی کنٹینرز لگا کر ٹریفک کے لیے مکمل بند کیا گیا ہے۔
ان مقامات پر بھی رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔ تاہم 26 نمبر چونگی دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے بحال ہے۔
اس حوالے سے اسلام آباد انتطامیہ کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے احتجاجی قافلے کے قریب پہنچتے ہی شہر کے تمام داخلی راستوں کو مکمل بند کر دیا جائے گا اور کسی کو بھی اسلام آباد میں احتجاجی مظاہرے کے لیے داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
 اب تک کی صورتحال کے مطابق اسلام آباد ایکسپریس وے کی دونوں اطراف سے ایک لائن ٹریفک کے لیے کھلی ہے تاہم راوالپنڈی سے اسلام آباد داخل ہونے کے لیے فیض آباد کے مقام پر مری روڈ کو بند کیا گیا ہے۔
دوسری جانب مری سے اسلام آباد داخل ہونے والی ٹریفک کے لیے مری روڈ کی ایک لائن ٹریفک کے لیے جزوی بحال ہے جہاں ریجرز کی نفری تعینات کی گئی ہے۔ 
 ڈی چوک اور ریڈ زون مکمل بند 
پی ٹی آئی کے احتجاج کی کال بعد اسلام آباد کے ریڈ زون اور بالخصوص ڈی چوک کو مکمل سیل کر دیا گیا ہے۔ ریڈ زون میں داخلے کے لیے پانچوں پوانٹس کنٹینرز کی مدد سے مکمل بند ہیں جبکہ ڈی چوک کی طرف جانے والے راستوں پر بھی کنٹینرز کھڑے کر دیے گئے ہیں۔

اسلام آباد کے داخلی راستوں پر رینجرز طعینات ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

رینجرز اور اسلام آباد پولیس کی بھاری نفری ڈی چوک سمیت ریڈ زون داخل ہونے کے والے دیگر راستوں پر تعینات ہے۔
 اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ، ’احتجاج میں آںے والے ہر شخص کو گرفتار کیا جائے گا‘
وفاقی حکومت نے اسلام آباد میں دفعہ 144 کے نفاذ کے تحت احتجاج میں شریک ہونے والے ہر شخص کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس حوالے سے وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو اسلام آباد پر دھاوا بولنے کی اجازت نہیں دیں گے اور شہر میں احتجاج کی غرض سے آنے والوں کو فوری گرفتار کیا جائے گا۔
ملک میں انٹرنیٹ کی صورتحال 
سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب سے پاکستان کے بڑے شہروں میں موبائل ڈیٹا سروس کو معطل کیا گیا ہے۔ اس وقت بھی اسلام آباد سمیت صوبہ خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں اور لاہور میں موبائل ڈیٹا کی سروس بند ہے۔
اس بارے میں پاکستان کی وزارت داخلہ کے ترجمان کا بتانا ہے کہ احتجاج والی جگہوں کی نشاندہی کرتے ہوئے وہاں موبائل ڈیٹا اور وائی فائی دونوں سروسز کو بند رکھا جائے گا۔

شیئر: