پی ٹی آئی کا احتجاج: طلبہ سے ہاسٹلز خالی کروا لیے گئے، ’آدھی رات کو پیغام آیا کہ چلے جائیں‘
ہفتہ 23 نومبر 2024 18:24
صالح سفیر عباسی، اسلام آباد
پی ٹی آئی نے آج اسلام آباد میں احتجاج اور دھرنے کی کال دے رکھی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
محمد رافع بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد میں شعبہ ابلاغ عامہ کے طالب علم ہیں اور وہ اسلام آباد کے سیکٹر ایف ایٹ کے ایک ہاسٹل میں رہائش پذیر ہیں۔
جب اُنہیں 22 نومبر کی رات کو ہاسٹل انتظامیہ کی جانب سے یہ پیغام موصول ہوا کہ آپ صبح سویرے ہاسٹل خالی کر دیں ورنہ آپ کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
یہ سنتے ہی محمد رافع اور اُن کے ساتھی پریشانی میں مبتلا ہو گئے اور اُن کی رات کا آخری حصہ اسی کشمکش میں گزرا کہ وہ کل کی رات کہاں گزاریں گے۔
یہی صورت حال اسلام آباد کی دیگر یونیورسٹیوں میں زیرِ تعلیم باقی طلبہ کی بھی ہے جن کو ہاسٹل انتظامیہ کی جانب سے فوری ہاسٹلز خالی کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
اس حوالے سے اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے شہر کے نجی ہاسٹلز کی انتظامیہ کو یہ ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ اپنے ہاسٹلز کو فوری خالی کروائیں۔
ان احکامات کی روشنی میں مختلف ہاسٹلز کی انتظامیہ نے طلبہ سے فوری کمرے خالی کروا لیے ہیں۔اس کے ساتھ ساتھ اسلام آباد کی بعض سرکاری یونیورسٹیوں نے بھی طلبہ کو ہاسٹلز خالی کروانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
اس کے بعد کچھ طلبہ نے اسلام آباد میں مقیم اپنے رشتہ داروں کے ہاں سکونت اختیار کر لی ہے جبکہ بڑی تعداد میں طلبہ یا تو گاڑیاں بُک کر کے یا کسی سے لفٹ لے کر اپنے آبائی گھروں کو روانہ ہو گئے ہیں۔