’پاک حج 2025‘، پاکستانی حجاج کی سہولت کے لیے ایپ لانچ کرنے کا اعلان
اتوار 24 نومبر 2024 11:32
وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے 11 نومبر کو حج پالیسی 2025 کا اعلان کیا تھا (فوٹو: وزارت مذہبی امور)
پاکستان کی مذہبی امور کی وزارت نے حج کے لیے خصوصی موبائل ایپلی کیشن لانچ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اتوار کو وزارت مذہبی امور کی جانب سے بتایا گیا کہ ’پاک حج 2025‘ نامی ایپ حجاج کی سہولت، معلومات کی فراہمی اور رہنمائی کے لیے شروع کی جا رہی ہے۔
آنے والے حج سیزن کے حوالے سے سعودی عرب نے پاکستان کو ایک لاکھ 79 ہزار 210 زائرین کا کوٹہ دیا ہے۔
پیر کے روز سے پاکستان کے 15 نامزد بینکوں نے حج کے خواہش مندوں سے درخواستیں وصول کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔
وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں ایپ کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ’پچھلے برس بھی حجاج نے اس ایپلی کیشن کو استعمال کیا جس سے ان کو حج کے حوالے سے اہم معلومات ملیں اور وہ اینڈرائیڈ اور آئی فون دونوں پر دستیاب ہے۔‘
بیان کے مطابق ’وزارت مذہبی امور نے حجاج کی رہنمائی اور سہولت کے لیے پاک حج ایپ لانچ کی ہے۔‘
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’اس ایپ کی بدولت حجاج کو حج کے بارے میں معلومات ملتی رہیں گی۔ زائرین اس پر اپنی حج کی تربیت کے شیڈول، تاریخ، وقت اور مقامات کے حوالے سے آگاہی حاصل کر سکتے ہیں۔ اس پر روانگی اور واپسی کی پروازوں، ٹکٹس، تاریخ، وقت اور شہروں کے بارے میں معلومات دستیاب ہوں گی۔
وزارت مذہبی امور کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ ایپ مکہ اور مدینہ کے مختلف مقامات اور نقشے کی مدد سے وہاں تک جانے والے راستوں کے بارے میں بھی معلومات فراہم کرتی ہے۔
پاکستان کے وزیر مذہبی امور نے رواں ماہ حج پالیسی 2025 کا اعلان کیا تھا۔ اس میں بتایا گیا تھا کہ اس بار پہلی مرتبہ زائرین رقم قسطوں میں بھی ادا کر سکیں گے۔
زائرین کے لیے ضروری ہو گا کہ وہ حکومتی سکیم کے مطابق حج درخواست کے ساتھ پہلی قسط دو لاکھ روپے جمع کرائیں، جبکہ دوسری قسط جو کہ چار لاکھ ہے، اس کو قرعہ اندازی کے بعد 10 روز کے اندر جمع کرانا ضروری ہو گا۔
اسی طرح باقی کی رقم اگلے برس فروری تک جمع کرائی جا سکے گی۔