Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا سے ویمنز بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی چھن گئی

ڈبلیو بی سی سی کا اجلاس ملتان کے ایک مقامی ہوٹل میں ہوا (فائل فوٹو)
انڈیا سے ویمنز بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی واپس لے لی گئی ہے۔
پیر کو ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل کے 26ویں اجلاس میں یہ فیصلہ سامنے آیا ہے کہ ویمنز بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ انڈیا کے بجائے کسی نیوٹرل وینیو میں ہو گا۔
ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل کے ملتان کے ایک مقامی ہوٹل میں ہونے والے اجلاس میں انڈیا سمیت سات ممالک  نے شرکت کی۔
آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، سری لنکا، پاکستان، بنگلہ دیش، نیپال اور افغانستان کے کرکٹ حکام نے براہ راست شرکت کی جبکہ انڈیا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے بورڈ سربراہان اجلاس میں آن لائن شامل ہوئے۔
اجلاس کے دوران پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ کو دوبارہ ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل کا سربراہ چُنا گیا جبکہ انڈیا کے رنجیش ہینری سیکٹری جنرل کے طور پر منتخب ہوئے۔
انڈیا کو ابتدا میں آئندہ بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کے میزبان کے لیے منتخب کیا گیا تھا لیکن جاری چیلنجز بشمول لاجسٹک اور انتظامی رکاوٹوں کے باعث ڈبلیو بی سی سی نے ٹورنامنٹ کو ایک نیوٹرل مقام پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس موقع پر ڈبلیو بی سی سی کے صدر سید سلطان شاہ کا کہنا تھا کہ ’آئندہ پاک انڈیا میچز نیوٹرل وینیو پر ہوں گے، پاک انڈیا بلائنڈز کرکٹ بورڈز کے مابین بہترین ورکنگ ریلیشن شپ قائم ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’پاکستان اور انڈیا دونوں بلائنڈ کرکٹ کی دنیا کی اہم ٹیمیں ہیں لیکن ویزا کی پابندیوں کے سبب ایک دوسرے کے خلاف میچز نہیں کھیل پارہی۔‘
’نیوٹرل مقامات پر ایونٹس کی میزبانی اس مسئلے کا سب سے عملی حل ہے۔‘
انڈیا کی جانب سے پاکستان میں کرکٹ ٹیمیں نہ بھیجنے کی وجہ سے ایک سیاسی تناؤ کی صورتحال ہے جس کی وجہ سے کرکٹ کے تمام تر فارمیٹس پر اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
یاد رہے کہ ویمنز بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ آئندہ برس نومبر اور دسمبر کے مہینوں میں انڈیا میں منعقد ہونا تھا۔
تاہم انڈین حکومت نے ماضی میں پاکستانی ٹیم کو مینز بلائنڈ کرکٹ ایونٹ میں شرکت کے لیے ویزے جاری نہیں کیے تھے۔

شیئر: