آپریشن اینڈ مینٹیننس کے شعبے میں کارکنوں کے ورک ایگریمنٹس کی ڈیجیٹلائزیشن کا تیسرا مرحلہ
سعودائزیشن میں اضافے کی مہم کا آغاز یکم دسمبر 2023میں کیا گیا تھا (فوٹو: ایکس اکاونٹ)
سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود آبادی نے لوکلائزیشن میں اضافے کی مہم کے تحت ملازمت کے معاہدوں کی ’قوی ‘ پلیٹ فارم کے ذریعے تصدیق کے تیسرے مرحلے کا آغاز کیا ہے۔
عکاظ اخبار کے مطابق وزارت کے ذیلی پلیٹ فارم ’قوی‘ کے ذریعے مملکت میں آپریشن اینڈ مینٹیننس کے شعبوں سے منسلک مقامی کارکنوں کے ورک ایگریمنٹس کو مرحلہ وار ڈیجیٹلائز کرنے کی مہم شروع کی ہوئی ہے۔
وزارت افرادی قوت کا کہنا تھا ورکنگ فورس کے معاہدوں کو ڈیجیٹلائز کرنے کا فیصلہ ان تمام نجی اداروں پر لاگو ہوتا ہے جو سرکاری اداروں سے منسلک ہیں ان کے علاوہ ایسی کمپنیاں جن میں سرکاری کی شرکت کم ازکم 51 فیصد ہو۔
آپریشن اینڈ مینٹیننس سے تعلق رکھنے والے وہ ادارے جو شہروں کی صفائی، شاہراہوں کی اصلاح ومرمت، کیٹرنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی مینٹیننس وغیرہ سے منسلک ہیں ان پر یہ لازمی ہے کہ وہ اپنے مقامی کارکنوں کی تعداد میں اضافے کے لیے ’قوی‘ پلیٹ فارم کے ذریعے ڈیجیٹل ایگریمنٹس کریں تاکہ آپریشن اینڈ مینٹیننس کے شعبے میں سعودائزیشن کا مقررہ ہدف حاصل کیا جائے۔
واضح رہے آپریشن اینڈ مینٹیننس کے شعبوں میں سعودائزیشن میں اضافے کےلیے مہم کا آغاز یکم دسمبر 2023میں کیا گیا تھا جس کے ذریعے قوی پلیٹ فارم پر ڈیجیٹل ایگریمنٹس کی مہم کا پہلا مرحلہ شروع کیا گیا تھا۔
پہلے مرحلے میں 3 ہزار سے زائد کارکنوں والی کمپنیاں شامل تھیں۔ دوسرا مرحلہ جس کا آغاز یکم جون سے کیا گیا تھا اس میں کارکنوں کی تعداد 2999 سے 500 رکھی گئی تھی۔
مہم کا مقصد عوامی پیشوں سے متعلق شعبوں میں ورک فورس کی صلاحیت میں اضافہ کرنا اور زیادہ سے زیادہ سعودی مرد وخواتین کو روزگار کے مواقع مہیا کرنا ہے۔