Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج 2025 کے لیے جمع کرائی گئیں تمام درخواستیں منظور: وزیر مذہبی امور

چوہدری سالک حسین کا کہنا تھا کہ سپانسرشپ سکیم میں موصول ہونے والی تمام حج درخواستیں بھی کامیاب قرار دی گئی ہیں۔ (فوٹو: اے پی پی)
وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے اعلان کیا ہے کہ تین دسمبر تک موصول ہونے والی تمام حج درخواستیں کامیاب قرار دے دی گئی ہیں۔
منگل کو وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر مذہبی امور نے کہا ہے کہ 18 نومبر سے تین دسمبر تک حج درخواستیں جمع کرانے والے تمام عازمینِ حج کو کامیاب قرار دے دیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سپانسرشپ سکیم میں موصول ہونے والی تمام حج درخواستیں بھی کامیاب  قرار دی گئی ہیں۔
چوہدری سالک حسین نے کہا کہ دور دراز علاقوں میں حج درخواستیں جمع کرانے میں مشکلات کے باعث درخواستوں کی وصولی میں سات دن کی توسیع کر دی گئی ہے۔
سرکاری حج سکیم میں درخواستیں اب 10 دسمبر تک نامزد بینکوں میں جمع کرائی جا سکیں گی۔ کوٹے سے زائد درخواستیں موصول ہونے کی صورت میں قرعہ اندازی کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سمندر پار پاکستانی 10 دسمبر تک سپانسرشپ کی رقم لازمی جمع کروا دیں۔
سپانسرشپ سکیم میں موصول درخواست گذاروں کو قرعہ اندازی کے بغیر کامیاب قرار دیا جائے گا۔ وزارت کی ویب سائٹ پر آن لائن پورٹل کے ذریعے گھر بیٹھے حج درخواست جمع کرائی جا سکتی ہے۔ عازمینِ حج کو تازہ ترین ہدایات کی وصولی کے لیے پاک حج موبائل ایپ ڈاون لوڈ کر نے کا کہا گیا ہے۔

شیئر: