Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم شہباز شریف دو روزہ دورۂ سعودی عرب پر ریاض پہنچ گئے

وزیرِاعظم شہباز شریف اپنے دو روزہ دورہ سعودی عرب پر ریاض پہنچ گئے ہیں۔
وزیراعظم آفس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کا منگل کو ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے پر وہاں کے نائب گورنر شہزادہ محمد بن عبدالرحمن بن عبد العزیز نے استقبال کیا۔ اس موقع پر پاکستان کے سعودیہ عرب میں سفیر احمد فاروق اور پاکستانی و سعودی اعلٰی حکام بھی موجود تھے۔
وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور وزیرِاعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی شہباز شریف کے ہمراہ ہیں۔
وزیرِاعظم سعودی عرب، فرانس، قزاقستان اور عالمی بینک کے اشتراک سے منعقدہ ’ون واٹر سربراہی اجلاس‘ میں شرکت کریں گے اور خطاب بھی کریں گے۔
پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) وزیرِاعظم شہباز شریف کا خطاب نشر کرے گا۔
وزیراعظم سربراہی اجلاس کے دوران صاف پانی کے ذخائر کی بحالی، تحفظ اور اس حوالے سے جدت پر  خطاب کریں گے۔ وہ پاکستان کی جانب سے آبی ذخائر کے تحفظ، ماحولیاتی تبدیلی سے بچاؤ کی تیاری، پینے کے پانی کے معیار کی بہتری، روزگار کی فراہمی اور آبی حیات کے تحفظ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر روشنی ڈالیں گے۔
وزیراعظم ماحولیاتی تبدیلی کی وجہ سے آئے سیلابوں، موسموں میں بے وقت تبدیلی اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے آبی ذخائر و آبی حیات پر اثرات پر قابو پانے کے لیے بین الاقوامی تعاون کی اہمیت پر روشنی ڈالیں گے۔ وزیراعظم عالمی دنیا کو آبی وسائل کے پائیدار و بہتر انتظام کے لیے اقدامات کی دعوت بھی دیں گے۔
اس موقع پر وزیرِاعظم کی سربراہی اجلاس میں شریک عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔

شیئر: