امارات میں دسمبر کے دوران ایئر ٹکٹ کیوں مہنگے ہو گئے؟
بکنگ زیادہ ہونے کی وجہ سے کرایوں میں اضافہ ہوا ہے ( فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں دسمبر کے آخری دوہفتوں کے لیے فضائی کرایوں میں 20 سے 40 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
رواں ماہ کے پہلے ہفتے کے مقابلے میں آخری ہفتے کے لیے بکنگ زیادہ ہونے کی وجہ سے کرایوں میں اضافہ ہو گیا۔
امارات الیوم کے مطابق ٹریول اینڈ ٹورازم کے شعبے کے ماہرین کا کہنا ہے ’کرایوں میں اضافے کی وجہ سکولوں کی تعطیلات اور سال کے اختتام پر ہونے والی تقریبات ہیں۔‘
امارات کی ایک معروف ٹریول کمپنی کے ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ ’موسم سرما کی تعطیلات کے حوالے سے عرب ممالک میں فضائی سفر کے لیے بکنگ کا آغاز رواں ماہ کے آغاز سے ہی ہو گیا تھا جس کی طلب میں دن بہ دن اضافہ ہوتا گیا جس کی وجہ سے کرایوں میں اضافہ ہوا۔‘
ایک اور ٹریول ایجنسی کے ذمہ دار کا کہنا تھا کہ ’امارات سے عرب ممالک کے لیے دسمبر کے آخری دو ہفتوں کے لیے سفر کرنے والوں کی بڑی تعداد ہے جو ان تعطیلات میں عرب ممالک کا سفر کرتے ہیں۔‘
سب سے زیادہ بکنگ اردن، مصر اور مراکش کے لیے ریکارڈ کی جا رہی ہے۔ دسمبر کے پہلے ہفتے میں فضائی ٹکٹ کی قیمتیں نومبر اور اکتوبر کے مقابلے میں 15 فیصد زیادہ ہوئی ہیں۔
دوسری جانب دبئی لنک گروپ کے سی ای او ڈاکٹر ھیثم الحاج کا کہنا ہے کہ ’رواں برس کے آغاز سے ہی فضائی سفر کے رجحان میں تیزی ریکارڈ کی گئی تھی جس سے کرایوں میں گزشتہ برس کے مقابلے میں 5 سے7 فیصد اضافہ ہوا جبکہ دسمبر کے آخری دوہفتوں کے لیے ٹکٹوں کی قیمتوں میں 20 سے 40 فیصد اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔‘