فضائی مسافروں کی سامان اور ٹکٹوں کے حوالے سے سب سے زیادہ شکایات
اکتوبر 2024 میں شکایات کی تعداد 1029 تک پہنچ گئی۔ (فوٹو: سبق)
سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن (جی اے سی اے) نے کہا ہے کہ اکتوبر 2024 میں مسافروں کی طرف سے شکایات کی تعداد 1029 تک پہنچ گئی۔
اخبار 24 کے مطابق جی اے سی اے کا کہنا تھا اکتوبر میں فلائی اے ڈیل کے خلاف سب سے کم شکایات رہیں۔ ایک لاکھ مسافروں پر 11 شکایات ملیں اور شکایات پر کارروائی کی شرح 99 فیصد رہی۔
السعودیہ ایک لاکھ مسافروں پر 12 شکایات کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی۔ شکایات پر فوری کارروائی کی شرح 99 رہی۔ تیسرے نمبر پر فلائی ناس رہی۔ ایک لاکھ مسافروں پر شکایت کی شرح 12 رہی جبکہ اس پر فوری کارروائی کی شرح 100 فیصد رہی۔
مسافروں کی سب سے زیادہ شکایات، درجہ بندی، سامان کی خدمات، ٹکٹ اور پھر پروازوں کے حوالے سے تھیں۔
ایئرپورٹ کارکردگی کے حوالے سے ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی سب سے کم شکایات اکتوبر میں درج ہوئی۔ یہاں ایک لاکھ مسافروں پر 0.4 فیصد کی شرح رہی۔ بین الاقوامی ایئرپورٹس کے انڈیکس میں جہاں سالانہ 6 ملین مسافر سالانہ سفر کرتے ہیں 12 شکایات ریکارڈ ہوئیں اور انہیں بروقت نمٹانے کی شرح 100 فیصد رہی۔
قصیم کے شہزادہ نایف انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتھارٹی کو ایک لاکھ مسافروں پر 2 فیصد کی شرح سے شکایات ملیں اور انہیں فوری طور پر نمٹانے کی شرح 100 فیصد رہی۔
ڈومیسٹک ایئرپورٹ کے انڈیکس میں بیشہ ایئرپورٹ اتھارٹی کو فی لاکھ مسافروں پر 3 فیصد شکایات ملیں اور انہیں بروقت ہینڈلنگ کرنے کی شرح 100 فیصد رہی۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کہا ہے شکایات کے لحاظ سے ایئر ٹرانسپورٹ سروس فراہم کرنے والوں اور ایئرپورٹس کی درجہ بندی کے انڈیکس کی ماہانہ رپورٹ جاری کرنے کا مقصد مسافروں کو اپنی شکایات، ان کے ازالے، ایئرلائنز و ایئرپورٹس کی کارکردگی سے آگاہ کرنا ہے تاکہ مسافر بہترین سروس کے حوالے سے اپنا آئندہ انتخاب کرسکیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں