Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دوسرے ٹیسٹ کے دوران گرما گرمی: آئی سی سی کا سراج اور ٹریوس ہیڈ پر جرمانہ

محمد سراج اور ٹریوس ہیڈ کی دوسرے ٹیسٹ میں گرما گرمی ہوئی تھی (فائل فوٹو: گیٹی)
انڈین بولر محمد سراج اور آسٹریلوی بیٹر ٹریوس ہیڈ حال ہی میں ایڈیلیڈ میں ختم ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب پائے گئے ہیں۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق محمد سراج پر ان کے میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
محمد سراج آئی سی سی کے کوڈ آف کنڈیکٹ کے آرٹیکل 2.5 کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے ہیں۔
یہ آرٹیکل ایسے اشاروں، زبان یا حرکات کے استعمال سے متعلق ہے جو کسی بیٹر کی بے عزتی یا آؤٹ ہونے پر ان کے جارحانہ ردعمل کو بھڑکانے کا سبب بنیں۔
اس کے علاوہ ان کے آئی سی سی کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی درج کیا گیا ہے جو کہ سابقہ دو سالوں میں ان کا واحد ڈی میرٹ پوائنٹ ہے۔
واضح رہے ایڈیلیڈ میں کھیلے گیا دوسرا ٹیسٹ آسٹریلیا نے 10 وکٹوں سے جیت لیا تھا۔
اس میچ کے دوران آسٹریلوی بیٹر ٹریوس ہیڈ کو 140 رنز پر آؤٹ کرنے کے بعد محمد سراج نے اشتعال انگیز انداز میں جشن منایا تھا اور نامناسب اندازمیں ڈریسنگ روم جانے کا اشارہ کیا تھا۔
جس کے جواب میں ٹریوس ہیڈ نے بھی نامناسب رویہ اختیار کیا اور دونوں کھلاڑیوں کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا تھا۔
اس وجہ سے ٹرویس ہیڈ کو بھی آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.13 کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا گیا ہے۔
آئی سی سی ضابظہ اخلاق کا آرٹیکل 2.13 ’انٹرنیشنل میچ کے دوران کھلاڑی، کھلاڑی کے معاون عملے اور امپائر ساتھ بدسلوکی سے متعلق ہے۔
ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی ٹریویس ہیڈ کے آئی سی سی ڈسپلنری ریکارڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق محمد سراج اور ٹریوس ہیڈ نے اپنی غلطیوں کو تسلیم کیا اور ایمریٹس آئی سی سی ایلیٹ پینل آف میچ ریفریز کے رانجن مدوگالے کی طرف سے تجویز کردہ سزاؤں کو قبول کر لیا ہے جس کی وجہ سے باضابطہ سماعت کی ضرورت نہیں پڑی۔
یاد رہے کہ انڈیا نے پانچ ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا کو 295 رنز سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے انڈیا کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز کو ایک، ایک سے برابر کردیا ہے۔
 

شیئر: