بابر اعظم کی جگہ شبھمن گل اور شاہین شاہ آفریدی کی جگہ اب محمد سراج نمبر ون
بابر اعظم کی جگہ شبھمن گل اور شاہین شاہ آفریدی کی جگہ اب محمد سراج نمبر ون
بدھ 8 نومبر 2023 11:55
انڈین بیٹر شبھمن گِل نے بیٹرز کی فہرست میں پہلا نمبر حاصل کر لیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون کرکٹ کی نئی رینکنگ جاری کی ہے جس کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی رینکنگ میں پہلی پوزیشن ختم ہو گئی ہے۔
بدھ کو آئی سی سی کی جانب سے جاری کی گئی تازہ ون ڈے رینکنگ میں انڈین بیٹر شبھمن گِل نے بیٹرز کی فہرست میں پہلا نمبر حاصل کر لیا ہے جبکہ شاہین شاہ آفریدی کی جگہ انڈین بولر محمد سراج پہلے نمبر پر آگئے ہیں۔
آئی سی سی کی نئی ون ڈے رینکنگ کے مطابق شبھمن گِل 830 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہیں جبکہ بابر اعظم 824 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔
اسی طرح بیٹرز کی فہرست میں جنوبی افریقی وکٹ کیپر بیٹر کوئنٹن ڈی کوک کا تیسرا نمبر ہے جبکہ انڈین بیٹر وراٹ کوہلی چوتھے نمبر پر براجمان ہیں۔
اس فہرست میں آسٹریلوی بیٹر ڈیوڈ وارنر پانچویں اور انڈین کپتان روہت شرما چھٹے نمبر پر موجود ہیں۔
آئی سی سی رینکنگ میں جنوبی افریقی بیٹر رَسی فین ڈر ڈسن ساتویں نمبر پر براجمان ہیں جبکہ آئرلینڈ کے بیٹر ہیری ٹیکٹر کا آٹھواں نمبر ہے۔
اسی طرح جنوبی افریقی بیٹر ہینرک کلاسین نویں اور انگلش بیٹر ڈیوڈ مالان دسویں نمبر پر موجود ہیں۔
ون ڈے کرکٹ میں بولرز کی رینکنگ میں محمد سراج پہلے نمبر پر موجود ہیں دوسرا نمبر جنوبی افریقی سپنر کیشوو مہاراج کا ہے۔
اسی طرح تیسرے نمبر پر آسٹریلوی سپنر ایڈم زیمپا ہیں جبکہ چوتھے نمبر پر انڈین سپنر کلدیپ یادو موجود ہیں۔
ون ڈے کرکٹ میں بولرز کی رینکنگ میں محمد سراج پہلے نمبر پر موجود ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی جو کچھ ہی روز قبل ون ڈے فارمیٹ کے نمبر ون بولر بنے تھے، وہ اب پانچویں پوزیشن پر آگئے ہیں جبکہ چھٹا نمبر آسٹریلوی بولر جوش ہیزل وُڈ کا ہے۔
اسی طرح افغان لیگ سپنر راشد خان اس فہرست میں ساتویں نمبر پر موجود ہیں اور آٹھویں نمبر پر انڈین بولر جسپریت بمراہ براجمان ہیں۔
آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں کیوی بولر ٹرینٹ بولٹ نویں جبکہ انڈین بولر محمد شامی دسویں نمبر پر موجود ہیں۔