چیمپئنز ٹرافی کے میچز پر انڈیا کے ساتھ تنازع، ابھی شرائط پر کوئی بات نہیں کرنا چاہتا: محسن نقوی
انڈیا کے پاکستان میں کھیلنے سے انکار کے بعد حکام کے درمیان تھرڈ آپشن کے طور پر ہائبرڈ ماڈل زیرغور رہا ہے (فائل فوٹو: کرک انفو)
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی سی متعلق انڈیا اور پاکستان کے تنازع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی کا آج کا اجلاس تو معطل ہو گیا ہے۔ اللہ بہتر کرے گا قوم کو مایوس نہیں کریں۔
چئیرمین پی سی پی محسن نقوی نے سنیچر کو لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’اس وقت میں شرائط سے متعلق کوئی ایسی بات نہیں کرنا چاہتا اور کسی بھی چیز کو خراب نہیں کرنا چاہتا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’پاکستان مثبت کردار ادا کرتا رہے گا لیکن فیصلہ آئی سی سی ہی کرے گی۔ جو بھی حتمی فیصلہ ہو گا ہم اس سے عوام کو آگاہ کریں گے۔‘
’پاکستان کے تمام کرکٹ گراؤنڈز کو بہتر بنا رہے ہیں۔‘
واضح رہے کہ اس سے قبل انڈیا کے پاکستان میں کھیلنے سے انکار کے بعد حکام کے درمیان تھرڈ آپشن کے طور پر ہائبرڈ ماڈل زیرغور رہا ہے جس کے تحت چیمپئنز ٹرافی میں انڈیا کے میچز پاکستان کے بجائے کسی نیوٹرل وینیو پر کرائے جانے کی تجویز شامل ہے۔
پاکستان بورڈ کی جانب سے ہائبرڈ ماڈل پر موقف اپنایا گیا تھا کہ پاکستان چیمپئنز ٹرافی کے لیے ہائبرڈ ماڈل تسلیم کر لے گا لیکن وہ مستقبل میں انڈیا میں ہونے والے آئی سی سی کے گلوبل ایونٹس کے لیے یہی پالیسی اپنائے گا۔
یعنی مستقبل میں انڈیا میں جو گلوبل ٹورنامنٹس کھیلے جائیں گے ان میں پاکستان انڈیا جا کر شرکت نہیں کرے گا بلکہ اسی طرح سے کسی نیوٹرل وینیو پر اپنے میچز کھیلے گا۔