Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریڈ سی فلم فیسٹیول: سعودی سینما کی ترقی پر شیکھر کپور کی ستائش

انڈین قونصلیٹ نے ریڈ سی سوق میں جاری فیسٹیول میں ’انڈیا پویلین‘ کا اہتمام کیا۔ فوٹو فیس بک
انڈین معروف فلم ساز شیکھر کپور نے سعودی سینما کی ترقی کو سراہتے ہوئے کہا ہے ’بالی ووڈ اور سعودی عرب کی ابھرتی ہوئی فلم انڈسٹری قریبی تعاون سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔‘
عرب نیوز کے مطابق  معروف انڈین فلموں کے ڈائریکٹر جدہ میں ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول  کے سلسلے میں انڈین قونصلیٹ کی جانب سے منعقدہ  ’انڈیا نائٹ‘  تقریب میں شریک تھے۔
’انڈیا نائٹ‘ کی تقریب سعودی عرب میں انڈین- سعودی سینما کے  مشترکہ تعاون کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے منعقد کی گئی۔
شیکھر کپور معروف انڈین فلم ’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو ود اٹ‘ کے ڈائریکٹر  ہیں اور انہوں نے 1998 میں ہالی وڈ کی معروف اداکارہ کیٹ بلانشیٹ کو فلم ’ایلیزبتھ‘ میں شہرت یافتہ کردار دیا۔
انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا کے ڈائریکٹر شیکھر کپور ریڈسی فلم فیسٹیول جدہ میں انڈین وزارت اطلاعات و نشریات اور نیشنل فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔
انڈین قونصلیٹ جدہ نے وزارت اطلاعات اور نیشنل کارپوریشن کے تعاون سے ریڈ سی سوق کے علاقے میں 14 دسمبر تک جاری فلم فیسٹیول میں ’انڈیا پویلین‘ کا اہتمام کیا ہے، جہاں انڈین سینما کی اہمیت اور کارکردگی پیش کی جا رہی ہے۔

’انڈیا اور مملکت کے درمیان فلمی صنعت میں تعاون کے امکانات موجود ہیں۔‘ فوٹو عرب نیوز

تقریب میں موجود انڈین قونصل جنرل فہد احمد خان سوری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے ’انڈیا اور مملکت کے درمیان فلمی صنعت میں تعاون کی وسیع صلاحیت اور بھرپور امکانات  موجود ہیں۔‘
فہد احمد خان نے مزید کہا ’ انڈیا اور سعودی عرب کے درمیان ثقافتی تعلقات برسوں سے فروغ پا رہے ہیں ان تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے سینما  طاقتور ذرائع میں سے ایک ہے۔
انڈین فلم ڈائریکٹر شیکھر کپور نے فروری کے اوائل میں نئی دہلی میں منعقد ہونے والے ورلڈ آڈیو ویژوئل اینڈ انٹرٹینمنٹ سمٹ میں سعودی عرب سمیت دنیا بھر سے فلم انڈسٹری سے منسلک افراد کو شرکت کی دعوت دی ہے۔

تقریب میں سفارتی و انڈین کمیونٹی اور فلم انڈسٹری سے منسلک افراد نے شرکت کی۔ فوٹو فیس بک

تقریب میں سفارتی کمیونٹی کے اراکین، فلم سازوں، ہدایت کاروں اور دیگر فنکاروں نے شرکت کی۔
جدہ میں رہنے والی انڈین کمیونٹی میں موجود فنکاروں نے انڈین کلاسیکل ثقافتی پرفارمنس پیش کی اور انڈیا سے آئے فنکاروں نے انڈین فلموں کے مشہور گیت سنائے۔

شیئر: