مملکت کے سیاحتی پروگراموں میں ریڈ سی ٹورازم کا حصہ 30 فیصد
بحیرہ احمر کی تفریح و سیاحت کے پروگرام مقبول ہو رہے ہیں۔ (فوٹو: سبق)
سعودی وزارت سرمایہ کاری کی جانب سے کوسٹل ٹورازم کو فروغ دینے کے لیے ’ساحلی سیاحت میں سرمایہ کاری‘ کے عنوان سے پروگرام جاری کیا گیا۔
اس حوالے سے جاری رپورٹ میں کہا گیا کہ بحیرہ احمر کی تفریح و سیاحت کے پروگرام غیرمعمولی طور پر مقبول ہو رہے ہیں۔
سبق نیوز کے مطابق مملکت کے وژن 2030 کے اہداف میں سیاحت کو فروغ دینا بھی ہے۔ اس حوالے سے مختلف سیاحتی پروگرامز متعارف کرائے گئے ہیں۔
سیاحتی پروگرامز کے حوالے سے وزارت سرمایہ کاری کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا کہ مجموعی سیاحتی پروگراموں میں ریڈ سی ٹورازم کا حصہ 30 فیصد ہے۔
تفریحی سیاحت کے لیے آنے والے سیاحوں کی مجموعی تعداد 19 ملین ریکارڈ کی گئی جن میں سے 12 ملین مقامی جبکہ سات ملین غیرملکی سیاح تھے۔
سرمایہ کاری اتھارٹی کا ہدف 85 ارب ریال سیاحت سے حاصل کرنا ہے جبکہ اس شعبے کی ترقی سے ملازمتوں کے بھی بے شمار مواقع پیدا ہوں گے۔
مملکت کے وژن میں تیل کے ماسوا آمدنی کے ذرائع میں اضافہ کرنا ہے جس کے لیے سیاحت کا شعبہ بھی غیرمعمولی اہمیت کا حامل ہے۔
اس حوالے سے وزارت سیاحت اور ٹورازم اتھارٹی نے متعدد پروگرامز مرتب کیے ہیں جن پر عمل درآمد جاری ہے۔