Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان سمیت مختلف ممالک میں سوشل میڈیا ایپس کی سروسز ڈاؤن

ایک مختصر بیان میں میٹا نے بتایا کہ ’ہم اس خلل کو دُور کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں‘ (فائل فوٹو: روئٹرز)
پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں سوشل میڈیا صارفین کو فیس بُک، میسنجر، انسٹاگرام، واٹس ایپ اور تھریڈز تک رسائی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
میٹا کے ملکیتی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز فیس بک، میسنجر، انسٹاگرام اور تھریڈز کی سروسز کو بدھ کی رات بڑے پیمانے پر تعطل کا سامنا کرنا پڑا۔
اس خلل کے باعث دنیا بھر میں لاکھوں صارفین متاثر ہوئے اور سوشل میڈیا ایپس تک رسائی حاصل کرنے سے قاصر رہے۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بدھ کی رات مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ’ایکس‘ پر بتایا گیا کہ ’انہیں ان ایپس تک رسائی حاصل کرنے میں مشکل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔‘
صارفین کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’وہ واٹس ایب پر میسجز نہیں بھیج پا رہے اور نہ ہی ویڈیوز ڈاؤن لوڈ یا شیئر ہو رہی ہیں۔‘
اس کے علاوہ صارفین کی جانب سے یہ شکایت بھی سامنے آئی کہ آڈیو اور ویڈیو کالنگ سروسز بھی متاثر ہوئی ہیں۔
سوشل میڈیا ایپس کی سروسز متاثر ہونے سے دنیا بھر میں لوگوں کو ایک دوسرے سے رابطہ کرنے میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کی پیرنٹ کمپنی میٹا نے اس تعطل کی تصدیق کرتے ہوئے صارفین کو یقین دہانی کرائی کہ ’اس مسئلے کو فوری طور پر حل کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔‘
ایک مختصر بیان میں میٹا کی جانب سے بتایا گیا کہ ’ہم اس خلل کو جلد سے جلد دُور کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔‘

شیئر: