Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیس بک اور انسٹاگرام سروسز چند گھنٹے کی بندش کے بعد بحال

پاکستان سمیت دنیا بھر میں  میٹا سروسز (فیس بک، انسٹاگرام اور مسینجر) چند گھنٹے بند رہنے کے بعد بحال ہونا شروع ہوگئے ہیں۔
پاکستان میں فیس بک سروس مکمل طور پر بحال ہوگئی ہے جب کہ انسٹاگرام کی سروس بھی مختلف علاقوں میں بحال ہوگئی ہے۔
قبل ازیں برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز نے انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کی بندش کو مانیٹر کرنے والے ادارے ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے حوالے سے بتایا تھا کہ دنیا بھر میں فیس بک، مسینجر اور انسٹاگرام کی سروسز معطل ہیں۔
ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق سروسز میں تعطل کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق رات آٹھ بجے شروع ہوا تھا۔
فیس بک کی بندش کے حوالے سے تین لاکھ جب کہ انسٹاگرام کی بندش کے حوالے سے چالیس ہزار رپورٹس ڈاؤن ڈیٹیکٹر کو موصول ہوئے۔
دوسری جانب میٹا کے ترجمان اینڈی سٹون کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ ’ہمیں معلوم ہے کہ صارفین کو ہماری سروسز تک رسائی میں مشکلات کا سامنا ہے اور ہم اس پر کام کر رہے ہیں۔‘
ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق واٹس ایپ کی سروسز کے تعطل کے حوالے سے شکایات آرہی ہے۔ ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے پاس واٹس ایپ کی بندش کے حوالے سے 200 شکایات رپورٹس ہوئی تھی۔

انٹرنیٹ کی بندش کو مانیٹر کرنے والے ادارے نیٹ بلاکس نے بھی کہا تھا کہ دنیا کے مختلف ممالک میں فیس بک، انسٹا گرام اور  مسینجر کی سروسز تعطل کا شکار ہے۔ نیٹ بلاکس کا کہنا تھا کہ یہ ایشو لاگ ان سیشن میں پیش آرہی ہے۔
نیٹ بلاکس کا مزید کہنا تھا کہ سوشل میڈیا سائیٹس کی سروسز کے تعطل کا تعلق کسی ملک میں انٹرنیٹ سروس کی بندش سے نہیں ہے۔ 
صارفین کا کہنا تھا کہ ان کا فیس بک اکاؤنٹ خود بخود لاگ آؤٹ ہو گیا اور دوبارہ رسائی کی کوشش پر پاس ورڈ کو غلط بتایا جارہا تھا۔
 

شیئر: