پاکستان میں سوشل میڈیا ویب سائٹ ’ایکس‘ کی سروس تاحال متاثر
اتوار 18 فروری 2024 15:50
’ڈاؤن ڈیٹیکٹر‘ کے مطابق پاکستان میں سنیچر کی رات کو تقریباً نو بجے ایکس کی سروس بند ہو گئی تھی۔ (فوٹو: روئٹرز)
پاکستان میں سنیچر کی رات سے متاثر ہونے والی سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کی سروس اتوار کو بھی بحال نہ وہ سکی۔
اس حوالے سے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے بھی تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا۔
انٹرنیٹ اور ویب سائٹس کی بندش کو مانیٹر کرنے والی سائٹ ’ڈاؤن ڈیٹیکٹر‘ کے مطابق پاکستان میں سنیچر کی رات کو تقریباً نو بجے ایکس کی سروس بند ہو گئی تھی۔ سروس متاثر ہونے کے بعد سے صارفین ایکس پر کوئی بھی مواد نہیں دیکھ پا رہے ہیں اور نہ ہی کچھ پوسٹ کر سکتے ہیں۔
ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق ایکس کی بندش کے حوالے سے نو بجے تقریباً 185 رپورٹس موصول ہوئیں جو بعد میں بڑھتی گئیں۔
سنیچر کو کمشنر راولپنڈی کی پریس کانفرنس کے بعد پاکستان میں سوشل میڈیا پر ’انتخابی دھاندلی‘ کا موضوع سب سے زیادہ ٹرینڈ کرتا رہا۔
الیکشن کمیشن اور پنجاب کی نگراں حکومت نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے تحقیقات کرانے کا بھی اعلان کیا۔
پاکستان میں رواں مہینے آٹھ فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے دوران بھی ملک بھر میں موبائل نیٹ ورک اور انٹرنیٹ سروس بند کر دی گئی تھی جس کے بعد نگراں وزیر داخلہ اعجاز گوہر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’دہشت گردی کے خطرات کی وجہ سے سروس کو بند کیا گیا۔‘