سعودی عرب کے کن علاقوں میں درجہ حرارت منفی 3 تک پہنچے گا؟
جمعرات 12 دسمبر 2024 0:00
سردی کی لہر کے اثرات قصیم، ریاض اور مشرقی ریجن تک پھیلیں گے(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز کے ترجمان حسین القحطانی نے کہا ہے کہ ’مملکت میں موسم سرما کا باقاعدہ آغاز ہو چکا۔ بعض علاقوں میں اتوار سے درجہ حرارت منفی سے مائنس 3 تک پہنچنے کا امکان ہے۔‘
اخبار 24 کے مطابق موسمیاتی مرکز کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا کہ’ تبوک، الجوف، حدودالشمالیہ، حائل اور مشرقی ریجن میں اتوار سے منگل تک یخ بستہ ہوائیں چلیں گی۔ ان علاقوں میں درجہ حرارت منفی 3 تک گر نے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔‘
سردی کی لہر کے اثرات پیر سے منگل تک قصیم، ریاض اور مشرقی ریجن کے بعض علاقوں تک پھیلیں گے، جہاں درجہ حرارت 5 سے 2 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
موسمیاتی تبدیلی مملکت کے دیگر علاقوں میں بھی ہوگی۔ رپورٹ کے مطابق مکہ مکرمہ ریجن ، مدینہ منورہ اور ساحلی علاقے اتوار اور پیر کو دن کے وقت گرد وغبار کی لپیٹ میں رہیں گے۔