’سعودی عرب میں سردی کی لہر کئی دن تک جاری رہے گی‘
مملکت میں آنے والی سرد ہواوں کا مرکز شمال ہے (فوٹو: اخبار24)
سعودی عرب کے قومی مرکز برائے موسمیات کے ترجمان حسین القحطانی کا کہنا ہے کہ’ مملکت میں سردی کی لہر آخری نہیں بلکہ یہ کئی روز تک جاری رہے گی۔‘
عاجل نیوز کے مطابق موسمیات کے ترجمان نے مملکت میں جاری موسم سرما کے حوالے سے کہا کہ ’مملکت میں آنے والی سردی کی لہر اس ہفتے کے وسط تک مملکت کے بیشتر علاقوں کو متاثر کرے گی ۔‘
حسین القحطانی کا کہنا تھا کہ’ اس وقت جو سرد ہوائیں مملکت میں آرہی ہیں ان کا مرکز شمال ہے۔’
’توقع ہے کہ اس سال انتہائی درجہ حرارت ایک تک پہنچے گا جبکہ گزشتہ برسوں کے مقابلے میں اس سلا موسم سرما میں سردی کا تناسب کم ہوگا۔‘
علاوہ ازیں موسمیات کے قومی مرکز نے توقع ظاہر کی ہے کہ مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہے گا۔ شمالی ریجن، تبوک، حائل اور مدینہ منورہ کے شمالی علاقوں میں موسم سرد رہنے اور دھند کاامکان ہے۔