Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گرم کپڑے تیار کرلیں، سردی کی لہر آرہی ہے!

’سردی کی لہر آئندہ ہفتے کے اختتام سے پہلے آجائے گی‘ ( فوٹو: سبق)
ماہر موسمیات عبد العزیز الحصینی نے کہا ہے کہ آئندہ ہفتے سے سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں سردی کی لہر کے آنے کی توقع ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب کے وسطی، شمالی اور مشرقی علاقوں میں سردی کی لہر کہیں درمیانے درجے کی اور کہیں شدید ہوگی‘۔
’موسمی نقشوں کا مطالعہ کرنے سے معلوم ہوا ہے کہ سردی کی یہ لہر آئندہ ہفتے کے اختتام سے پہلے آجائے گی‘۔
دوسری طرف محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ’آج بدھ کو مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، ریاض، تبوک، عسیر، جازان، الجوف اور شمالی ریجن میں کہیں تیز ہوا، کہیں ہلکی بارش، کہیں دھند اور کہیں گرد وغبار ہوگا‘۔
مکہ مکرمہ ریجن کے حوالے سے محکمے نے کہا ہے کہ ’جدہ، رابغ اور الشعیبہ میں تیز ہوا چلے گی جبکہ الخرمہ اور المویہ میں گرد و غبار ہوگا‘۔
’مدینہ منورہ ریجن کے الرایس اور ینبع علاقوں میں تیز ہوا چلے گی اور حد نگاہ متاثر ہوگی‘۔
’جازان، عسیر، شمالی حدود اور الجوف میں ہلکی بارش ہوگی جبکہ ریاض اور تبوک میں گرد وغبار ہوگا‘۔

شیئر: