جوجیتسو چیمپئن شپ میں ابوظہبی کی بنی یاس کلب کی کامیابی
جوجیتسو چیمپئن شپ میں ابوظہبی کی بنی یاس کلب کی کامیابی
ہفتہ 14 دسمبر 2024 21:16
ماسٹر کیٹیگریز کے مقابلوں میں سینکڑوں مردوں اور خواتین کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ فوٹو عرب نیوز
ابوظہبی سپورٹس سٹی کے مبادلہ ہال میں منعقد ہونے والی خالد بن محمد بن زاید جوجیتسو چیمپئن شپ کے پانچویں اور آخری راؤنڈ کے افتتاحی دن بنی یاس جوجیتسو کلب نے سبقت حاصل کر لی۔
عرب نیوز کے مطابق امارات کے مختلف معروف کلبوں اور اکیڈمیوں کے انڈر 18 بالغ اور ماسٹر کیٹیگریز کے مقابلوں میں سینکڑوں مردوں اور خواتین کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔
العین جوجیتسو کلب دوسرے نمبر پر رہا جب کہ یو اے ای موڈ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
امارات جوجیتسو فیڈریشن کے نائب چیئرمین محمد سالم الظہری نے بتایا ’ انڈر 18 بالغ اور ماسٹر کیٹیگریز میں آج ہم نے ایسے مقابلے دیکھے جو کھلاڑیوں کی قوت، کارکردگی اور چیلنجز کو ظاہر کر رہے تھے۔
کھلاڑیوں نے مختلف کیٹیگریز کے مقابلوں میں شاندار مہارت اور تجربہ دکھایا جو انہیں آئندہ کھلاڑیوں کے لیے رول ماڈل کے طور پر مانیں جائیں گے۔
سالم الظہری نے مزید کہا کہ جوجیتسو چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب میں کھلاڑیوں نے شاندار مقابلے کئے جو قومی امنگوں کی عکاسی کرتے ہیں اور بین الاقوامی سطح پر متحدہ عرب امارات کی نمائندگی کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
اس موقع پر بنی یاس کلب کے کوچ ریبامار سانتیاگو نے کہا خالد بن محمد بن زاید جوجیتسو چیمپئن شپ میں شریک کھلاڑیوں اور کلبوں نے چیلنج کا معیار بلند کیا ہے۔
چیمپئن شپ میں بہترین کھلاڑیوں کے لیے منظم مسابقتی ماحول پیدا کیا گیا ہے، اس باوقار ٹورنامنٹ کا حصہ بننے پر ہمیں فخر ہے۔
کوچ سانتیاگو نے مزید کہا بنی یاس کلب تین دن کے ایونٹ میں 328 مرد اور خواتین کھلاڑیوں کے ساتھ مقابلوں میں حصہ لے رہا ہے۔
ہمارے کھلاڑیوں نے آج غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور مقابلوں میں ان کی صلاحیتوں کو اعلیٰ ترین سطح پر آزمایا گیا ہے۔
ان مقابلوں سے ہمیں اپنی حکمت عملی بہتر بنانے اور کارکردگی کو مزید نکھارنے کی ترغیب ملی ہے۔ ہم آئندہ مقابلوں کے لیے پُرعزم ہیں۔