گھڑ سواری کا کھیل جس نے بیلا حدید کو ’صبر‘ اور ’محنت‘ کرنا سکھایا
اتوار 15 دسمبر 2024 19:41
سپر ماڈل سات برس کے بعد 2023 میں دوبارہ گھڑ سواری کرتی ہوئی اپنے مداحوں کو نظر آئیں۔ (فوٹو: پیپل میگزین)
امریکی سپر ماڈل بیلا حدید کے بارے میں یہ تو سب جانتے ہیں کہ وہ دنیا کے بڑے فیشن شوز میں کیٹ واک کرتی ہیں تاہم وہ ماڈلنگ کے ساتھ ساتھ گھڑ سواری کا بھی شوق رکھتی ہیں۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق اپنی تازہ انسٹاگرام پوسٹ میں بیلا حدید نے انشکاف کیا کہ کیسے گھڑ سواری نے انہیں انمول سبق سکھائے اور انہوں نے اس کھیل کے ذریعے اپنی مہارت کو پختہ کیا۔
بیلا حدید اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں لکھتی ہیں کہ ’نئی چیزوں کو سیکھنے کی کوشش کرنا اور نئے اہداف حاصل کرنا، خاص طور پر گھڑ سواری کرنا میری زندگی کی سب سے بڑی خوشی رہی ہے۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’میں گھوڑوں کے لیے خدا کا روز شکر ادا کرتی ہوں جن کی وجہ سے میں نے بے لوث پیار، خوشی، تعلقات بنانا، صبر اور محنت کرنا سیکھا۔‘
ماڈل گرل نے مزید انکشاف کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں آج جس مقام پر ہوں، شاید گھوڑوں کے بغیر نہ ہوتی۔‘
انسٹاگرام پوسٹ میں بیلا حدید نے ویڈیو بھی اپلوڈ کی جس میں وہ اپنے بوائے فرینڈ ادان بینیولوس کے ساتھ گھڑ سواری کر رہی ہیں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ’یہ ویڈیو ایک سال 8 مہینے قبل میری پہلی مرتبہ گھوڑے (کٹنگ ہارس) پر ادان کے ساتھ سواری کرنے کی ہے۔‘
پیپل میگزین کے مطابق بیلا حدید بچپن سے ہی گھڑ سواری کرتی آ رہی ہیں تاہم انہوں نے 2016 میں لائم کی بیماری کے باعث اس کھیل سے دوری اختیار کر لی تھی۔
سپر ماڈل سات برس کے بعد 2023 میں دوبارہ گھڑ سواری کرتی ہوئی اپنے مداحوں کو نظر آئیں۔