وزارت مذہبی امور نے حج درخواستوں کی وصولی بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ منگل 17 دسمبر کو بینکوں میں حج درخواستوں کی وصولی کا آخری دن ہو گا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ 17 دسمبر تک موصول تمام درخواستیں ’پہلے آئیے پہلے پائیے‘ کے اصول پر کامیاب تصور کی جائیں گی۔
وزارت نے حج واجبات کی دوسری قسط 19 تا 27 دسمبر نامزد بینکوں میں جمع کروانے کا عندیہ بھی دے دیا ہے۔
وزارت مذہبی امور نے عازمین حج کو ہدایت کی ہے کہ نئے اعلانات کے لیے موبائل ایپ ’پاک حج‘ اپنے سمارٹ فون پر لازمی ڈاؤن لوڈ کر لیں تاکہ انہیں فوری رہنمائی اور آگاہی میسر آ سکے۔
دوسری جانب نامزد بینکوں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ تمام موصول درخواستوں کو وزارت کے آن لائن پورٹل پر 17 دسمبر 9 بجے رات تک لازمی اپ لوڈ کر دیں بصورت دیگر وزارت نامکمل درخواستوں کی ذمہ دار نہیں ہو گی۔ ترجمان نے کہا ہے کہ واجبات کی دوسری قسط جمع کروانے کے بعد دستیاب خالی نشستوں پر محدود دنوں کے لیے درخواستیں طلب کرنے کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔