سعودی عرب میں پہلی مرتبہ تھری ڈی اینڈوسکوپی اوپن ہارٹ سرجری
نئی ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے کامیابی سے اوپن ہارٹ سرجری کی گئیا (فوٹو: سبق)
سعودی عرب میں مدینہ منورہ کے طبی مرکز نے جرمن میڈیکل ٹیم کے ساتھ مل کر مشرق وسطی کی سطح پر تھری ڈی ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے پہلی اوپن ہارٹ سرجری کی جو کامیاب رہی۔
عاجل نیوز کے مطابق پچاس سالہ خاتون عارضہ قلب میں مبتلا تھیں۔ دل کی شریانیں بند تھیں اور ڈاکٹروں نے اوپن ہارٹ سرجری تجویز کی تھی۔
خاتون کو مدینہ منورہ کے میڈیکل سینٹر میں لایا گیا تو حالت کافی نازک تھی جس پر ڈاکٹروں نے اوپن ہارٹ سرجری کے لیے تھری ڈی اینڈوسکوپی ٹیکلنالوجی استعمال کرنے کی تجویز پیش کی۔
تمام طبی ٹیسٹ کیے گئے جس میں معلوم ہوا کہ ان کے دل کے والو بند ہیں جنہیں تبدیل کرنا اور مرکزی شریان کو کھولنا ضروری ہے۔
طبی مرکز میں جرمن ماہرین کے تعاون سے نئی ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے کامیابی سے اوپن ہارٹ سرجری کی گئی جس کے لیے 4 سینٹی میٹر کا سوراخ کیا گیا جس سے اینڈوسکوپی کے ذریعے وال کی تبدیلی عمل میں لائی گئی۔
آپریشن کے بعد مریضہ کی حالت بہتر ہونے پر انہیں ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔