Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض سیزن سنوکر کپ چیمپئن شپ کے دوسرے ایڈیشن کا انعقاد

سعودی عرب میں سنوکر کی ترقی میں نمایاں پیش رفت دیکھی جا رہی ہے۔ فوٹو انسٹاگرام
سعودی دارالحکومت کے بولیوارڈ سٹی میں 18 تا 20 دسمبر ریاض سیزن سنوکر کپ چیمپئن شپ کا دوسرا ایڈیشن منعقد ہو رہا ہے جس میں ٹاپ 10 رینکنگ والے کھلاڑی حصہ لیں گے۔
عرب نیوز کے مطابق ٹورنامنٹ کے منتظمین نے منگل کے روز اعلان کیا ہے ’نایف الجوینی کو ریاض سیزن سنوکر کپ ٹورنامنٹ کا جنرل مینجر مقرر کر دیا گیا ہے۔‘
چیمپئن شپ میں سنوکر کے بہترین کھلاڑی مدمقابل ہوں گے، جن میں سعودی سنوکر سٹارز احمد عسيري اور عبدالرؤف الصیاغ حالیہ کوالیفائرز جیتنے کے بعد وائلڈ کارڈ انٹری کے تحت حصہ لیں گے۔
یہ چیمپئن شپ اپنی منفرد ’گولڈن بال‘ کے تعارف کے لیے معروف ہے جس سے کھلاڑیوں کو سنوکر کی تاریخ کے سب سے زیادہ ممکنہ سکور 167 تک پہنچنے کا موقع ملتا ہے۔
اس سال سنوکر چیمپئن شپ میں انعامی رقم دوگنی کر دی گئی ہے اور ’گولڈن بال‘ کا سکور کرنے والے کھلاڑی کو ایک ملین ڈالر کا انعام دیا جائے گا۔
ورلڈ اسنوکر ٹور کے چیئرمین اسٹیو ڈاؤسن نے کہا ’ہم 2024 میں دوسری بار ریاض سیزن میں سنوکر چیمپئن شپ میں شرکت کرنے پر انتہائی خوشی محسوس کر رہے ہیں۔
اسٹیو ڈاؤسن نے مزید کہا ’اس سال ہم نے سعودی عرب میں سنوکر کی ترقی میں نمایاں پیش رفت دیکھی ہے اور یہ  خوش آئند ہے کہ مملکت میں سنوکر کتنی تیزی سے مقبول ہو رہاہے اور ناظرین کو بھی متوجہ کر رہا ہے۔

یہ چیمپئن شپ اپنی منفرد ’گولڈن بال‘ کے تعارف کے لیے معروف ہے۔ فائل فوٹو ریاض سیزن

چیمپئن شپ کے پہلے راؤنڈ میں بدھ 18 دسمبر کی دوپہر سعودی کھلاڑی 9ویں اور 10ویں سیڈز کے ڈنگ جنہوئی اور ژانگ آندا کے خلاف کھیلیں گے، اسی شام فاتحین 7ویں اور 8ویں سیڈز لوکا بریسل اور شاؤن مرفی سے مدمقابل ہوں گے۔
جمعرات 19 دسمبر کو کوارٹر فائنلز مقابلے ہوں گے، افتتاحی میچ مارک سیلبی اور مارک ایلن کے مابین ہوگا، اس کے بعد کیرن ولسن کا ژانگ، بریسل یا وائلڈ کارڈ کے فاتح سے مقابلہ ہوگا۔
مارک ولیمز اور جود ٹرمپ سعودی ماسٹرز سنوکر فائنل کا ری میچ کھیلیں گے جبکہ دفاعی چیمپئن رونی او سلیوان کا سامنا ڈنگ جنہوئی، شاؤن مرفی یا وائلڈ کارڈ  فاتح میں سے کسی ایک سے ہوگا۔

ریاض سیزن سنوکر چیمپئن شپ پہلے ایڈیشن میں رونی او سلیوان نے لوکا بریسل کو ہرایا تھا۔ فوٹو عرب نیوز

سیمی فائنلز اور فائنل جمعہ 20 دسمبر کو کھیلے جائیں گے، چیمپئن شپ کے تمام میچز سات فریمز کے بہترین فارمیٹ پر کھیلے جا رہے ہیں جب کہ فائنل 9 فریمز کے بہترین فارمیٹ پر ہوگا۔
ریاض سیزن سنوکر چیمپئن شپ کے پہلے ایڈیشن میں معروف کھلاڑی رونی او سلیوان نے جان ہگنز اور جود ٹرمپ کو شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کی جہاں انہوں نے لوکا بریسل سے 2- 5  کے سکور سے مقابلہ جیت لیا۔

شیئر: