پتایا کے سمندر میں لاپتا بیوی کی تلاش، سعودی سیاح 5 گھنٹے تک تیرتا رہا
جمعرات 19 دسمبر 2024 15:20
پتایا ٹورسٹ پولیس کے ایک افسر نپپون کے مطابق ان کا جیٹ سکی سمندر کے وسط میں الٹ گیا تھا (فوٹو: بنکاک پی او ایس)
تھائی لینڈ کے سیاحتی مقام پتایا کے سمندر میں جیٹ سکی الٹنے کے بعد ایک سعودی سیاح اپنی اہلیہ کو تلاش کرنے اور پھر ساحل تک پہنچنے کے لیے پانچ گھنٹے سے زیادہ تیرتا رہا۔
عرب نیوز کے مطابق تھائی لینڈ کے حکام نے کہا کہ سنیچر کو عبدالرحمان مہدی ایم العمری اور ان کی اہلیہ اطہیر سعید العمری کے شام ساڑھے چھ بجے لاپتا ہونے کی اطلاع ملی، جس سے پتایا شہر کے حکام نے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا۔
ریسکیو مشن کی قیادت کرنے والے پتایا سٹی سی ریسکیو کے نتنن چمننکول نے کہا کہ ’ہمیں شام ساڑھے چھ بجے ایک جیٹ سکی آپریٹر سے ایک کال موصول ہوئی کہ ان کا ایک جیٹ سکی اور کلائنٹ غائب تھے۔ لہٰذا ہم نے ریسکیو آپریشن شروع کیا۔‘
ریسکیو ٹیم پانچ گھنٹے سے زائد عرصے سے تلاش کر رہی تھی لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ لیکن جب ان کی کشتی پتایا کے جومٹین ساحل پر واپس آئی تو حکام نے عبدالرحمان کو ساحل کی طرف تیرتے دیکھا۔
نتنن چمننکول نے کہا کہ ’شوہر نے ساحل پر پہنچنے کے لیے پانچ گھنٹے تک تیراکی کی تھی اور اسے اپنی بیوی کی فکر تھی۔ 26 سالہ شخص کو جب بچایا گیا تو بہت تھکا ہوا تھا۔‘
اس کے بعد ریسکیو کشتی اسے اپنے ساتھ لے گئی اور اس کی بیوی کی تلاش جاری رکھی۔
چمننکول نے کہا کہ تلاش شروع ہونے کے چھ گھنٹے بعد ہم نے اس کی بیوی کو دو بجے تلاش کیا۔ ہم نے سمندر میں ایک دھیمی سی آواز سنی اور وہ اس کی تھی۔‘
پتایا ٹورسٹ پولیس کے ایک افسر نپپون کے مطابق ان کا جیٹ سکی سمندر کے وسط میں الٹ گیا تھا اور اس کے انجن کو سمندری پانی سے نقصان پہنچا تھا۔ جیٹ سکی کا ایندھن ختم ہونے کے بعد عبدالرحمان نے مدد حاصل کرنے کے لیے تیرنے کا فیصلہ کیا۔
نیپون نے کہا کہ اگرچہ سعودی شہری کی اہلیہ کی بائیں ٹانگ پر معمولی چوٹ آئی تھی، لیکن جوڑے کو کوئی سنگین طبی مسئلہ نہیں تھا اور وہ جیٹ سکی آپریٹر کو 14سو ڈالر نقصان کا معاوضہ ادا کرنے کے بعد اپنے آبائی ملک واپس چلے گئے تھے۔
2022 میں تھائی لینڈ اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات معمول پر آنے کے بعد سے تھائی لینڈ سعودی سیاحوں کے لیے ایک مقبول ترین مقام بن گیا ہے۔
سعودی عرب کو تھائی سیاحت کے ماہرین کی جانب سے ایک بہترین مارکیٹ سمجھا جاتا ہے جہاں سے 2023 میں تقریباً ایک لاکھ 78 ہزار سعودی سیاح آئے، اور اس سال جنوری اور اکتوبر کے درمیان مزید ایک لاکھ 88 ہزار سیاح آئے جو اس خطے سے آنے والوں میں سب سے زیادہ تعداد ہے۔
تازہ ترین اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ 2022 کے مقابلے میں سعودی سیاحوں کی تعداد تقریباً دوگنا ہو گئی ہے۔