ریاض : سیکیورٹی ٹیم کا آپریشن، 3 ہزار عسکری بیجز ضبط
جمعرات 19 دسمبر 2024 18:42
امن عامہ کے یونیفارمز پرمٹ کے بغیر فروخت نہیں کیے جاسکتے (فوٹو، ایس پی اے)
ریاض میں سیکیورٹی فورسز کے یونیفارمز اور دیگر اشیا کی نگران کمیٹی نے مختلف دکانوں پرغیرقانونی طریقے سے فروخت کیے جانے والے تین ہزار سے زائد عسکری عہدوں کے بیجز اور دیگر اشیا ضبط کرلیں۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق نگران کمیٹی میں ریاض گورنریٹ کی ٹیم بھی شامل تھی جنہوں نے عسکری یونیفارمز بنانے والی دکانوں پرتفتیشی کارروائیاں کی۔
تفتیشی کارروائی کا مقصد عسکری و امن عامہ کے شعبے کےلیے مخصوص یونیفارمز اور مختلف عہدوں کے بیجز فروخت کرنے والوں کا جائزہ لینا تھا تاکہ غیرقانونی کارروائیوں کا سد باب کیا جاسکے۔
تفتیشی ٹیموں نے مختلف دکانوں کا دورہ کرکے وہاں امن عامہ اہلکاروں کے لیے مخصوص مختلف عہدوں کے بیجز ضبط کرلیے جن کی فروخت کے لیے لائسنس حاصل نہیں کیا گیا تھا۔
واضح رہے عسکری و امن عامہ کے یونیفارمز و بیجز تیار و فروخت کرنے والے ٹیلرز کو باقاعدہ وزارت داخلہ سےپرمٹ جاری کیا جاتا ہے جس کے مطابق وہ یونیفارمز و دیگر اشیا فروخت کرسکتے ہیں ۔
پرمٹ کے بغیر ایسی اشیا فروخت کرنا خلافِ قانون ہے جس پر مختلف سزائیں مقرر ہیں ۔