غیر قانونی عسکری یونیفارم بنانے والی دکانوں پرچھاپہ
جمعرات 10 مارچ 2022 20:22
عسکری اشیافروخت کرنے والے دکانداروں کواجازت نامہ حاصل کرنا ہوتا ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
قصیم گورنریٹ کا کہنا ہے کہ بریدہ، عنیزہ اور الرس میں غیر قانونی عسکری یونیفارم اور بیجز بنانے والی دکانوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق القصیم گورنریٹ کا کہنا ہے کہ انسپکٹرز نے معمول کے مطابق القصیم کے دارالحکومت بریدہ اور اس کی دو کمشنریوں عنیزہ اور الرس میں چھاپے مارے تھے جہاں متعدد دکانوں پر غیر قانونی طریقے سے 81 عسکری یونیفارم اور عسکری عہدوں کے 361 بیجز برآمد ہوئے۔
گورنریٹ نے بتایا کہ مذکورہ دکانیں چلانے والوں کو حراست میں لے لیا گیا اور قانونی کارروائی کے لیے انہیں متعلقہ ادارے کے حوالے کردیا گیا۔
یاد رہے کہ عسکری یونیفارم لائسنس کے بغیر تیار کرنا قابل سزا جرم ہے اسی طرح عسکری عہدوں کے بیجز کی تیاری پر بھی سزا مقرر ہے۔ دکانداروں کو مقررہ سزائیں دی جائیں گی۔