Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہوم ڈلیوری سروس کے کارکنوں کے لیے یونیفارم لازمی، نئی شرائط کیا ہیں؟

ڈلیوری سروس سے منسلک کارکنوں کے پاس کارآمد پرمٹ ہونا ضروری ہے (فوٹو: عکاظ)
سعودی وزارت بلدیات نے ہوم ڈلیوری سروس کی شرائط کو منظورکرتے ہوئے کارکنوں کے لیے یونیفارم کو لازمی کیا ہے۔
سروس سے منسلک کمپنی یا ادارے کے پاس کارآمد لائسنس ہونا بھی بنیادی شرائط میں شامل ہے۔
 عکاظ کے مطابق وزارت بلدیات و ہاؤسنگ کی جانب سے ہوم ڈلیوری سروس سے منسلک اداروں کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں جن پر عمل نہ کرنا خلاف ورزی شمار ہوگی۔
وزارت کی جانب سے جاری کی جانے والی شرائط میں کہا گیا کہ ہوم ڈلیوری کے لیے کمپنی کی جانب سے جو گاڑی یا موٹر سائیکل استعمال کی جائے اس مخصوص طریقے سے تیار کیا جائے تاکہ رکھا جانے والا سامان بحفاظت پہنچ سکے۔
ڈلیوری کے لیے جو ٹرانسپورٹ ذرائع استعمال کیے جائیں ان کا باقاعدہ روڈ پرمٹ بھی وزارت سے حاصل کرنا ضروری ہے۔ ڈلیوری وین پرکمپنی کا مونوگرام اور نام واضح طورپر موجود ہو۔
جو گاڑی استعمال کی جائے اس کی صفائی اور سینیٹائزنگ کا باقاعدگی سے انتظام کیا جانا ضروری ہے۔ فوڈ ڈلیوری کے لیے ذرائع نقل میں ایسے بندوبست کیا جائے کہ گرم خوراک کو الگ کنٹینر اور ٹھنڈی اشیا کو مخصوص کنٹینر میں رکھا جائے۔
دواؤں کی ہوم ڈلیوری کے لیے جو گاڑیاں استعمال کی جائیں ان میں موجود کنٹینر ادویات کی سٹوریج کے لیے مخصوص ہوں اور وہ گاڑیاں صرف ہوم ڈلیوری سروس کے لیے ہی ہوں۔
ڈلیوری سروس سے منسلک کارکنوں کے پاس کارآمد پرمٹ ہونا ضروری ہے۔
کارکن کی جسمانی صفائی انتہائی اہم ہو گی جن میں ناخنوں کا باقاعدگی سے کاٹنا اور یونیفارم کی صفائی شامل ہے۔ کارکن اس بات کی بھی پابند ہوں گے کہ ڈلیوری کے دوران سگریٹ نوشی نہ کریں۔
بیماری کی حالت میں فوڈ ڈلیوری کے کارکن کام نہیں کریں گے اور ان کی صحت کی جانچ کا عمل کو یقینی بناتے ہوئے انہیں محفوظ فوڈ ڈلیوری کی عملی تربیت بھی دی جائے۔

شیئر: