’بشار الاسد کے عقوبت خانوں کا نیٹ ورک تصور سے بھی بڑا ہے‘
’بشار الاسد کے عقوبت خانوں کا نیٹ ورک تصور سے بھی بڑا ہے‘
ہفتہ 21 دسمبر 2024 18:42
فری لانسر امریکی صحافی آسٹن ٹائس کو سنہ 2012 میں اغوا کیا گیا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی سفارت کاروں کے ایک اعلٰی سطحی وفد نے جمعے کو کہا کہ شام میں حکومتی جیلیں ان کے خیال سے کہیں زیادہ ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق امریکی وفد شام میں لاپتہ امریکی شہریوں کو تلاش کر رہا ہے۔
12 برسوں میں امریکی حکام کے شام کے پہلے سرکاری دورے میں، وفد نے جمعے کو ملک کی عبوری قیادت کے ارکان سے ملاقات کی جس میں ایک جامع حکومت کی تشکیل پر زور دیا گیا اور تنازع کے دوران لاپتہ ہونے والے امریکی شہریوں کو تلاش کرنے پر زور دیا گیا۔
مغربی ممالک نے عسکریت پسند گروہ ھیتہ التحریر الشام کی اعلٰی شخصیات کے ساتھ روابط قائم کرنے کی کوشش کی ہے جس نے اس حملے کی قیادت کی جس نے رواں ماہ صدر بشار الاسد کو اقتدار چھوڑنے پر مجبور کیا۔
امریکی وفد کی قیادت کرنے والی سیکریٹری برائے امور خارجہ برائے مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ باربرا لیف نے عرب نیوز سمیت صحافیوں کو بتایا کہ وفود نے ’دسیوں ہزار شامی اور غیرشامی باشندوں کے لیے ایک یادگاری تقریب میں شرکت کی، جنہیں حراست میں لیا گیا، تشدد کیا گیا، زبردستی غائب کیا گیا یا وہ لاپتہ ہیں، اور جو سابق حکومت کے ہاتھوں بے دردی سے ہلاک ہوئے۔‘
لاپتہ امریکیوں میں فری لانسر صحافی آسٹن ٹائس، جنہیں سنہ 2012 میں اغوا کیا گیا تھا اور ٹیکساس سے تعلق رکھنے والے ایک سائیکو تھراپسٹ ماجد کمالماز شامل ہیں۔ کمالماز سنہ 2017 میں لاپتہ ہو گئے تھے اور خیال کیا جاتا ہے کہ وہ مر چکے ہیں۔
یرغمالیوں کے امور کے لیے خصوصی صدارتی ایلچی راجر کارسٹینس، جو وفد کا حصہ ہیں، نے کہا کہ جن جیلوں میں قیدیوں کو بشار الاسد کی حکومت نے تشدد کا نشانہ بنایا اور ہلاک کیا، ان کی تعداد اندازے سے کہیں زیادہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم نے سوچا کہ شاید 10 یا 20 ہوں گے۔ یہ شاید 40 ہیں اور اس سے زیادہ بھی ہو سکتے ہیں۔‘
’12 برسوں کے دوران، ہم تقریباً چھ ایسے مقامات کی نشاندہی کرنے میں کامیاب رہے ہیں جن کے بارے میں ہمیں یقین ہے کہ کسی نہ کسی مقام پر آسٹن ٹائس کے موجود ہونے کے بہت زیادہ امکانات ہیں۔
راجر کارسٹنس نے مزید کہا کہ امریکہ کے پاس شام میں محدود وسائل موجود ہیں اور وہ ٹائس کی قسمت کا تعین کرنے کی کوشش میں چھ جیلوں پر توجہ مرکوز کریں گے۔ لیکن تلاش کا دائرہ آخر کار تمام 40 جیلوں کے مقامات تک پھیل جائے گا۔