سعودی معاشرہ آج بھی اصل ثقافت سے جڑا ہے: پولش سیاح
سعودی شہری عام طورپر ایک خاندان کی طرح رہتے ہیں (فوٹو: سکرین گریب)
پولش سیاح کا کہنا ہے کہ’ سعودی شہری اپنی ثقافت کی وجہ سے دنیا بھر میں نمایاں مقام رکھتے ہیں۔‘
’عام طورپر ایک خاندان کی طرح رہتے ہیں جو ایک دوسرے کے دکھ درد اور خوشی کے لمحات مل کر بانٹتے ہیں۔‘
نجی ٹی وی روتانا خلیجہ کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پولش سیاح ’ریو‘ کا کہنا تھا ’ سماجی علوم میرا خاص مضمون تھا۔ زمانہ طالب علمی میں بھی سعودی معاشرے اور ثقافت کے بارے میں پڑھا تھا اس وقت سے یہ سوچ لیا تھا کہ ایسے معاشرے کو قریب سے دیکھنا چاہئے۔‘
انہوں نے مزید بتایا ’ عرب کے معاشرے کو قریب سے دیکھنے کےلیے سعودی عرب آیا اور یہاں آ کر مجھے ایسا محسوس ہورہا ہے کہ جو کچھ کتابوں میں درج ہے وہ بہت کم ہے یہاں تو معاشرہ ہی بہت مختلف ہے۔‘
’ہر ایک دوسرے کا خیال رکھتا ہے جب بھی تفریح کےلیے باہر جاتے ہیں تو سارا خاندان ایک ساتھ بڑی بڑی گاڑیوں میں جاتا ہے جس سے یکجہتی اور محبت میں اضافہ ہوتا ہے۔‘
پولش سیاح نے مزید کہا کہ ’ جو کچھ یہاں دیکھا ہے اس کی کہیں اور مثال نہیں ملتی۔ یہی وجہ سے ہے سعودی معاشرہ اپنی اصل ثقافت سے آج کے دور میں بھی جڑا ہوا ہے۔