Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چیمپئنز ٹرافی کا شیڈول جاری، پاکستان اور انڈیا کا میچ 23 فروری کو دبئی میں

انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان میچ 22 فروری کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) نے اگلے سال فروری اور مارچ میں منعقد ہونے والے چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کا حتمی شیڈول جاری کر دیا ہے۔
ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 15 میچز پاکستان کے تین شہروں کراچی، لاہور اور راولپنڈی سمیت یو اے ای کے شہر دبئی میں کھیلے جائیں گے۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں کل آٹھ ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں پاکستان، آسٹریلیا، انگلینڈ، انڈیا، افغانستان، بنگلہ دیش، جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ شامل ہیں۔
ان آٹھ ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔
گروپ اے میں میزبان پاکستان، انڈیا، نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش شامل ہیں۔
گروپ بی میں آسٹریلیا، انگلینڈ، افغانستان اور جنوبی افریقہ کو شامل کیا گیا ہے۔
ایونٹ کا پہلا میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 19 فروری کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔
ایونٹ میں شریک انڈین ٹیم اپنے تینوں گروپ میچ دبئی میں کھیلے گی جبکہ ٹورنامنٹ کا پہلا سیمی فائنل بھی دبئی میں کھیلا جائے گا۔
ٹورنامنٹ کا دوسرا سیمی فائنل اور فائنل لاہور میں شیڈول کیے گئے ہیں۔
اگر انڈین ٹیم چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پہنچتی ہے تو اس صورت میں فائنل میچ بھی دبئی میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان اور انڈیا کے درمیان ہائی وولٹیج میچ 23 فروری کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔
پاکستانی ٹیم گروپ میں اپنا تیسرا میچ 27 فروری کو بنگلہ دیش کے خلاف راولپنڈی میں کھیلے گی۔
روایتی حریف انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان میچ 22 فروری کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔
خیال رہے کہ پاکستانی ٹیم آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔

شیئر: