Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چیمپئنز ٹرافی 2025: ہائبرڈ ماڈل پر اتفاق، انڈیا اور پاکستان کے میچز نیوٹرل وینیو پر ہوں گے

معاہدے کے مطابق پاکستان اور انڈیا تین سال تک اپنے میچز نیوٹرل وینیوز پر کھیلیں گے۔ (فوٹو: اے ایف پی))
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) آخر کار  چیمپئنز ٹرافی 2025 کے معاملے میں اہم پیش رفت پر پہنچ گیا ہے۔
جمعرات کے روز آئی سی سی نے اعلان کیا کہ پاکستان اور انڈین کرکٹ بورڈز کے درمیان چیمپئنز ٹرافی کے لیے ہائبرڈ ماڈل پر اتفاق ہو گیا ہے۔
ہائبرڈ ماڈل کے تحت آٹھ ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ میں انڈیا کے میچز نیوٹرل مقام پر ہوں گے۔ اس کے بدلے میں انڈیا کی میزبانی میں ہونے والے آئی سی سی ایونٹس میں پاکستان کے انڈیا کے ساتھ میچز بھی نیوٹرل مقامات پر ہوں گے۔ 
معاہدے کی تفصیلات کے مطابق سال 2024 سے 2027 تک پاکستان اور انڈیا اپنے میچز نیوٹرل وینیوز پر کھیلیں گے۔ اس معاہدے کا اطلاق پاکستان میں 2025  کی چیمپئنز ٹرافی، انڈیا میں 2025 ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ، اور انڈیا اور سری لنکا میں 2026 کے مینز ٹی20 ورلڈ کپ پر ہوگا۔
اس کا اطلاق 2028 کے ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ پر بھی ہو گا جس کی میزبانی پاکستان کو حاصل ہے اور جو اگلے ایونٹ سائیکل کا پہلا ٹورنامنٹ ہوگا۔ 
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا شیڈول جلد جاری کر دیا جائے گا۔ 
نیوٹرل وینیوز کا نام ٹورنامنٹ کے میزبان بورڈ کے ذریعے تجویز کیا جائے گا اور اسے آئی سی سی سے منظوری لینا ہوگی۔
خیال رہے کہ چیمپئنز ٹرافی اگلے  برس 19 فروری سے کھیلی جائے گی تاہم وینیوز کی غیر یقینی صورتحال کے باعث ابھی تک اس ٹورنامنٹ کا شیڈول جاری نہیں کیا جا سکا۔
چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان، آسٹریلیا، انڈیا، انگلینڈ، بنگلہ دیش، افغانستان، جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔
پی سی بی اور بی سی سی آئی کے درمیان چیمپئنز ٹرافی کا تنازع گذشتہ کچھ مہینوں سے جاری ہے۔
پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی کے اس بات پر زور ڈالتے رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے متعلق جو بھی فیصلہ ہوگا وہ برابری کی بنیاد پر ہوگا۔
محسن نقوی نے واضح طور پر کہا تھا کہ ’یہ نہیں ہو سکتا کہ ہم انڈیا جائیں اور انڈیا پاکستان نہ آئے۔‘
 

شیئر: