Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غزہ میں اسرائیل کی انسانی ذمہ داریوں سے متعلق اقوام متحد کی قرارداد کا خیرمقدم

کابینہ کا اجلاس منگل کو ریاض میں شاہ سلمان کی زیر صدارت ہوا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی کابینہ کے اجلاس میں غزہ میں اسرائیل کی انسانی ذمہ داریوں کے حوالے سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قرار داد کا خیر مقدم کیا گیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کےمطابق کابینہ کا اجلاس منگل کو ریاض میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیرصدارت ہوا۔
اجلاس میں ملکی اور بین الاقوامی حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ علاوہ ازیں ٹیلی کمیونیکیشن اور خلائی ٹیکنالوجی کمیشن تنظیمِ نو اور انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن کے لائحہ عمل میں تبدیلی کی منظوری دی گئی۔
اجلاس کے آغاز میں کابینہ کو ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سےعراقی وزیراعظم محمد شیاع السودانی سے ملاقات اور خطے میں ہونے والی پیش رفت کے لیے کی جانے والی کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
کابینہ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی جانب سے منظور کی جانے والی قرارداد کو سراہا جس میں عالمی سطح پر فلسطینیوں کو امداد کی فراہمی کےلیے اسرائیل کی انسانی ذمہ داریوں کے حوالے سے عالمی عدالت انصاف سے مشاورتی رائے کی درخواست کی گئی اور قرار داد کے حق میں ووٹ دینے والے ممالک کے مثبت کردار کو سراہا گیا۔
وزیر اطلاعات سلمان الدوسری نے اجلاس کی کارروائی کے بارے میں بتایا کہ ’کابینہ نے سوڈان میں قیام امن کے حوالے سے سہ فریقی مشاورتی اجلاس میں مملکت کے موقف کی تائید کرتے ہوئے برادر ملک میں جاری بحران کے خاتمے اور قیام امن کی اہمیت کو اجاگر کیا۔‘

اجلاس میں 2024 میں ڈیجیٹل تبدیلی کے حوالے سے اقدامات کو سراہا گیا(فوٹو ایس پی اے)

اجلاس نے سال 2024 میں ڈیجیٹل تبدیلی کے حوالے سے اقدامات کو سراہا جن میں شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کے علاوہ وزیٹرز کو فراہم کی جانے والی خدمات کو جاری رکھنے، انہیں مزید بہتر اور معیار زندگی کو بلند کرنے کے علاوہ تجارتی سرگرمیوں و مثبت مقابلے فضا میں اضافہ کرنا ہے۔
کابینہ نے گزشتہ دنوں ریاض میں ہونے والی کانفرنسز اور نمائشوں کے بارے میں بھی تفصیلی رپورٹ کا جائزہ لیتے ہوئے برآمد ہونے والے نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا۔
سعودی کابینہ نے وزیر داخلہ یا ان کی جانب سے مقرر کردہ شخصیت کو پاکستان اور تاجکستان کے ساتھ شہری دفاع اور شہری تحفظ کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کی منظوری دی۔
مختلف ممالک کے ساتھ باہمی تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کرنے کے علاوہ عربی زبان کے فروغ کے لیے کنگ سلمان انٹرنیشنل کمپلکس اور طاشقند یونیورسٹی کے ساتھ باہمی تعاون کی منظوری جاری کی گئی۔
اجلاس میں معمول کے مطابق مقامی اداروں کے ذمہ داروں کی ترقی کی بھی منظوریاں دی گئی جن میں ایئرفورس، وزارت تعلیم ، وزارت نیشنل گارڈ کے اعلی عہدیدار شامل تھے۔

شیئر: