سعودی تاجر کی کہانی جو 70 برس سے کاروبار کر رہے ہیں
مارکیٹ میں درزی کی دکان سے اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا آغاز کیا (فوٹو: سکرین گریب)
سعودی عرب کے مشرقی ریجن کے شہر دمام میں واقع بحرین بازار کے سب سے پرانے تاجر منصور الھاشمی کا کہنا ہے’ انہوں نے مارکیٹ میں درزی کی دکان سے اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا آغاز کیا بعدازاں کپڑوں کی تجارت سے منسلک ہوئے۔‘
سعودی نجی ٹی وی روتانا خلیجیہ سے گفتگو کرتے ہوئے علاقے کے سب سے پرانے تاجر منصور الھاشمی کا کہنا تھا ’ درزی کے پیشے کو وقت کے ساتھ ساتھ وسعت دی اور اسے گارمنٹس کی دکان میں تبدیل کردیا۔‘
مارکیٹ کی وجہ شہرت ’بحرین‘ کیوں پڑی اس سوال پر ان کا کہنا تھا ’ جب یہ بازار نیا تھا تو یہاں بحرین سے لوگ آیا کرتے تھے جو نہ صرف اپنی مصنوعات یہاں فروخت کرتے تھے بلکہ یہاں سے بھی اشیا خرید کر اپنے ہمراہ لے جایا کرتے تھے۔‘
اسی وجہ سے اس بازار کی وجہ شہرت بحرین کے تاجروں کی آمد کی وجہ سے بحرین بازار کے نام سے ہو گئی اور آج بھی لوگ اس مارکیٹ کو اسی نام سے جانتے ہیں۔
منصور الھاشمی نے بتایا ’ان کی کمرشل سی آر علاقے کی سب سے قدیم ہے جسے جاری ہوئے آج 70 برس ہو چکے ہیں اس اعتبار سے میرا شمار مارکیٹ کے سب سے قدیم تاجروں میں ہوتا ہے۔‘