متحدہ عرب امارات میں خاتون کے ہاں بیک وقت پانچ بچوں کی ولادت
ابوظبی کے ’پیور ہیلتھ ‘ گروپ کے شیخ شخبوط میڈیکل سٹی میں ولادت ہوئی ( فوٹو :امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں ایک خاتون کے ہاں بیک وقت 5 بچوں کی ولادت ہوئی ہے۔ ماں اور تمام نوزائیدہ صحت مند ہیں۔
یہ اپنی نوعیت کا انتہائی منفرد کیس ہے جو 45 سے 60 ملین میں سے ایک کے ساتھ ہو سکتا ہے۔
امارات الیوم کے مطابق ابوظبی کے ’پیور ہیلتھ ‘ گروپ کے زیر انتظام شیخ شخبوط میڈیکل سٹی کے میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالقادر المصعبی بتایا اس طرح کا کیس اگرچہ بہت نازک اور پرخطر ہوتا ہے تاہم ولادت کا عمل خیر وخوبی سے مکمل ہوا اور ماں اور تمام نوزائیدہ خیریت سے ہیں۔‘
ڈاکٹر محی الدین سعود کا کہنا تھا’ جڑواں ولادت کے کیسز عام طور پر زچہ کے لیے پرخطر ہوتے ہیں جبکہ اس کیس کی نوعیت مکمل طور پر مختلف تھی۔
یہاں ولادت حمل کے 25 ویں ہفتے میں ہو ئی جو قبل از وقت تھی تاہم خوشی اس بات کی ہے کہ کسی طبی ہنگامی حالت کا سامنا نہ کرنا پڑا۔
نوزائیدہ بچوں کو فوری طورپر انکیوبیٹرز میں رکھا گیا جہاں ان کی حالات بہتر ہونے کے بعد والدین کے حوالے کیا گیا۔
ہسپتال انتظامیہ کا کہنا تھا کہ بچوں کا کا وزن 588 سے 801 گرام کے درمیان تھا۔