کنگ سلمان ریلیف سینٹر کی طرف سے پاکستان میں شدید بارشوں سے متاثرہ خاندانوں کے لیے ہنگامی امداد
یہ کٹس پاکستان کے 20 متاثرہ اضلاع میں تقسیم کی جائیں گی (فوٹو: کنگ سلمان ریلیف سینٹر)
کنگ سلمان ریلیف سینٹر کی طرف سے پاکستان میں شدید بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ 12 ہزار خاندانوں کو ہنگامی امداد کی فراہمی کی گئی ہے۔
سنیچر کو کنگ سلمان ریلیف سینٹر کی طرف سے سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پاکستان میں سیلاب اور شدید بارشوں سے متاثرہ 12 ہزار خاندانوں کی اہم ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کنگ سلمان ریلیف سینٹر نے 12 ہزار شیلٹر اور نان فوڈ آئٹمز پر مشتمل کٹس روانہ کی ہیں۔
امدادی کٹس میں شیلٹرز، سولر پینلز، کمبل، پلاسٹک میٹ، کچن سیٹ، واٹر کولر اور اینٹی بیکٹیریل صابن شامل ہے۔ ان 12 ہزار شیلٹر اور کٹس سے 84 ہزار افراد سے زائد افراد مستفید ہوں گے۔
یہ کٹس پاکستان کے 20 متاثرہ اضلاع جن میں اپر چترال، لوئر چترال، کوہستان، مانسہرہ، ڈیرہ اسماعیل خان، نصیر آباد، اُستہ محمد، جھل مگسی، قلعہ سیف اللہ، راجن پور، کوٹ ادو، مظفرگڑھ، بدین، سجاول، سانگھڑ، جیکب آباد، استور، غذر، کوٹلی اور بھمبر میں رہنے والے متاثرین میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ذریعے تقسیم کی جائیں گی۔
یہ امدادی کٹس نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز، اور مقامی انتظامیہ کے تعاون سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تقسیم کیے جائیں گے۔ یہ اقدام انسانی ہمدردی کی کوششوں کے لیے مملکت سعودی عرب کے عزم کی نشاندہی کرتا ہے اور مصیبت کے وقت پاکستان میں متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے جاری لگن کی عکاسی کرتا ہے۔