جڑی ہوئی شامی بچیوں کو آپریشن کےلیے مملکت لایا جائے گا
توار کی صبح بیروت سے ریاض انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچیں گی (فائل فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر شاہ سلمان مرکز شامی جڑی ہوئی بچیوں کو آپریشن کےلیے مملکت لانے کی تیاری کر رہا ہے۔
الاخباریہ کے مطابق شامی بچیاں اپنے اہل خانہ کے ہمراہ فضائی ایمبولینس کے ذریعے اتوار کی صبح گیارہ بجے بیروت سے ریاض انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچیں گی۔
جڑی ہوئی بچیوں کو پیچیدہ آپریشن کےلیے وزارت نیشنل گارڈز کے ماتحت کنگ عبداللہ سپیشلسٹ ہسپتال منتقل کیا جائے گا۔
کنگ عبداللہ سپیشلسٹ ہسپتال کی میڈیکل ٹیم دونوں بچوں کا طبی معائنہ اورعلیحدہ کرنے کے آپریشن کی کامیابی کے امکانات کا جائزہ لے گی۔
یہ آپریشن شاہ سلمان مرکزامداد وانسانی خدمات کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ کی زیر نگرانی کیا جائے گا۔
سعودی عرب جڑے بچوں کو الگ کرنے کے سب سے زیادہ آپریشن کرنے والا ملک بن گیا ہے۔ ان کاوشوں کا اعتراف دنیا بھر کے ممالک اور تنظیمیں کررہی ہیں۔
واضح رہے سعودی عرب کی جانب سے سیامی بچوں کو جدا کرنے کے آپریشن کا آغاز سال 1990 میں کیا گیا تھا۔
اس دوران گزشتہ 33 برسوں میں 24 ممالک کے 133 سیامی بچوں کے کیسز ٹیم کے پاس آئے جن میں سے 58 بچوں کو کامیابی سے جدا کیا جاچکا ہے۔