جڑے ہوئے بچوں اور ان کے اہل خانہ نے تاریخی علاقے طریف کا دورہ کیا
جڑے ہوئے بچوں اور ان کے اہل خانہ نے تاریخی علاقے طریف کا دورہ کیا
اتوار 24 نومبر 2024 18:39
طریف کو یونیسکو نے 2010 میں عالمی تاریخی ورثہ قرار دیا تھا۔ ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے شاہ سلمان مرکز نے جڑے ہوئے بچوں اور ان کے اہل خانہ کےلیے طریف کے تاریخی علاقے کے دورے کا اہتمام کیا جسے یونیسکو نے سال 2010 میں عالمی تاریخی ورثہ قرار دیا تھا۔
اس دورے کا اہتمام جڑے ہوئے بچوں کی دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کے موقع پر کیا گیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق جڑے ہوئے بچوں کوعلیحدہ کرنے کے سعودی عرب کے پروگرام کو شروع ہوئے تیس برس مکمل ہوجانے پر کانفرنس منعقد کی جا رہی ہے۔
اب تک 61 جڑے ہوئے بچوں کے آپریشن کیے جا چکے ہیں جو 100 فیصد کامیاب رہے جبکہ 26 ممالک اور تین براعظموں میں 143 کیسز کو فالو اپ بھی کیا گیا۔
مملکت کے دورے کے اختتام پر سیامی بچوں اور ان کے والدین و اہل خانہ نے شاہ سلمان مرکز برائے فلاح انسانیت کا شکریہ ادا کیا جن کی وجہ سے انہیں نئی زندگی ملی۔
شاہ سلمان امدادی وفلاحی مرکز کی جانب سے ان جڑے ہوئے بچوں کو جن کا کامیاب آپریشن کیا جاچکا ہے کو ان کے والدین کے ہمراہ مملکت آنے کی دعوت دی ہے۔